دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں 10 ارب 56 کروڑ روپے جمع
وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس کے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں اب تک 10ارب 56 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں۔
اسلام آباد (اے پی پی) سٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق فنڈ کے لئے ملک بھر سے 8 ارب97 کروڑ جمع ہوئے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب59 کرو ڑ روپے بھیجے ہیں۔امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 56 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد رقم بھیجی ہے اور بیرون ملک سے رقوم بھیجنے والوں میں سرفہرست رہے جبکہ برطانیہ سے اب تک اڑتیس کروڑ چھیاسی لاکھ روپے سے زائد ڈیموں کے فنڈز کے طور پر موصول ہوئے ہیں۔اسی طرح پاکستان کی مختلف سیلولر کمپنیوں نے بھی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے فنڈ کیلئے چودہ کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے سے زائد بھیجے ہیں۔سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق عطیات دینے والے دس سرفہرست اداروں میں سے پنجاب کی حکومت کے ملازمین کی جانب سے ایک ارب9 لاکھ روپے ، پاک فوج کی جانب سے 58کروڑ20 لاکھ روپے سے زائد ایس پی ڈی کی جانب سے 20کروڑ دس لاکھ روپے سے زائد، بحریہ ٹاؤن کی جانب سے گیارہ کروڑ روپے سے زائد اور پاک فضائیہ کی جانب سے دس کروڑ روپے سے زائد رقم فنڈز کے لئے بھیجی گئی ۔سٹیٹ بینک نے ایک سرکلر میں بینکوں کو ہدایت کی کہ ڈیبٹ، کریڈٹ یا پری پیڈ کارڈز کے ذریعے ڈیمز فنڈ کے لئے عطیات اور ادائیگیوں پر انٹر چینج فیس، رعایتی شرح تجارت اور ٹرانزیکشن فیس سمیت کوئی سروس فیس نہ لی جائے ۔