اندرون ملک ہوائی سفر مہنگا ،ٹکٹ میں10ہزار تک اضافہ

اندرون ملک ہوائی سفر مہنگا ،ٹکٹ میں10ہزار تک اضافہ

25شہروں کیلئے ٹکٹس میں اضافہ ،لاہور سے کراچی سفر کرنیوالوں پر زیادہ بوجھ

لاہور(نمائندہ دنیا)رواں سال کے دوران ڈالر کی قیمت میں 55روپے کے ریکارڈ توڑ اضافے کے باعث ہوائی سفر کرنے والے مہنگی ٹکٹیں خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔اندرون ملک 25شہروں کے فضائی ٹکٹوں میں پانچ ہزار سے دس ہزارروپے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کراچی ،گوادر ،کوئٹہ ،تربت ،اسلام آباد، پشاور ،فیصل آباد، ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، حیدر آباد ،مونجو دھاڑو، نواب شاہ، سکھر ،پنجگور،ژوب، پسنی ،دالبندین، گلگت، سکردو، چترال، ڈیرہ اسماعیل خان اور سیدوشریف کی فضائی ٹکٹس مہنگی ہونے سے اندرون ملک سفرکرنے والے مسافر وں پر بوجھ پڑ گیا ہے ۔سول ایوی ایشن بھی فضائی کرایوں میں بڑھتے اضافے کے باعث ایئر لائنز کو کسی خاص رقم کی وصولی کا پابند نہ کر سکاجبکہ لاہور سے کراچی سفر کرنے والوں پرزیادہ بوجھ ڈالا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی اندرون ملک لوکل اور قومی ایئر لائن گزشتہ سال ون وے کرایہ 9500روپے وصول کر تی تھیں۔لیکن رواں سال وہی کرایہ پانچ ہزار اضافے کے ساتھ تقریبا 14ہزار روپے وصول کیا جارہا ہے ۔اسی طرح لاہور سے کراچی کا دوطرفہ کرایہ اکانومی کلاس میں تیس ہزار تک اور بزنس کلاس کا کرایہ 45 ہزار روپے تک بھی وصول کیاجارہا ہے ۔ قومی ایئرلائن نے گزشتہ سال لاہور سے اسلام آباد ایک طرف کا کرایہ ون وے 6150جبکہ رواں سال 7ہزار روپے ،لاہور سے سکھر کا کرایہ دس ہزار روپے کی بجائے رواں سال 11200 روپے، اسی طرح لاہور کوئٹہ یکطرفہ کرایہ 9500روپے سے 13000 ہزار روپے ہوگیا ہے۔ اسلام آباد سے کراچی یکطرفہ 9800روپے سے 16000روپے۔ لاہور، پشاور یکطرفہ کرایہ 7980روپے کی بجائے 11480 روپے جبکہ لاہور دبئی ریٹرن کرایہ چالیس ہزار کی بجائے رواں سال 52000ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور لندن 87000روپے سے بڑھ کر رواں سال 102000 ہزار روپے ،لاہور ٹورنٹو کرایہ 107000 روپے سے بڑھ کر رواں سال 127000 روپے وصول کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں