سینیٹ : بجٹ غریب کی جھونپڑی پر خودکش حملہ , جرائم میں اضافہ , غربت بڑھے گی , اپوزیشن
بجٹ نے غریب کو دن میں تارے د کھا دئیے ہیں ، پوری قوم کہہ رہی ہے بجٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے ،رحمن ملک کرکٹ کی طرح معاشی ٹیم نے شکست کھائی ، مشاہداللہ ، وزرا کی عدم موجودگی پراپوزیشن کا احتجاج، اجلاس پیر تک ملتوی
اسلام آباد (وقائع نگار ، ا یجنسیاں )سینیٹ میں اپوزیشن نے نئے مالی سال کے بجٹ کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی منظوری سے جرائم میں اضافہ اور غربت بڑھے گی ، اپوزیشن نے بجٹ کو شیطانی اور دجالی جال قرار دیتے ہوئے نیا بجٹ بنانے کا مطالبہ کردیا، اپوزیشن ارکان نے کہا کہ جس طرح کرکٹ ٹیم نے سرفراز کی قیادت میں شکست کھائی اس سے بڑھ کر ہماری معاشی ٹیم نے شکست کھائی ہے ، بجٹ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ،غریب کی جھونپڑی پر خودکش حملہ ہے ، آئی ایم ایف کے بجٹ نے عوام کو دن میں تارے دکھا دئیے ، حکومت عوام کی چیخیں نہ نکلوا ئے ،ٹیکسوں کی بھر مار ہے ،پورے بجٹ پر نظر ثانی کی جائے ، چینی کی قیمت میں اضا فے پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے ،میرا چور زندہ باد تیرا مردا باد نہیں ہونا چا ہئے ، چور حکومت کا ہو یا اپوزیشن کا ہو چور ہوتاہے ،احتساب سب کا ہونا چاہئے ، اجلاس میں اپوزیشن نے ر حمن ملک کی تقریر کے دوران وزرا کی عدم موجودگی پرشدید احتجاج کیا ،پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی اور (ن) لیگ کے مشاہد اﷲ نے کہا کہ وزرا آئیں گے تو ہم بات کریں گے تاہم وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی کے ایوان میں آنے پر اپوزیشن نے احتجاج ختم کردیا ، بجٹ پر بحث میں سینیٹر سراج الحق ،مشاہداللہ خان ،ر حمن ملک،طاہر بزنجو اور نزہت صادق نے حصہ لیا، مشاہداللہ خان نے کہا کہ ایک سال میں تیسرا یا چوتھا بجٹ پیش ہو چکا ہے ، غریبوں کو بے گھر کیاگیا ،جو مکان 1947 سے ریگولرائز تھے وہ بھی گرا د ئیے گئے ،ایسی حکومت جس سے لوگ آس لگائے بیٹھے تھے کہا یہ گیا تھا کہ گورنر ہاؤس گرا د ئیے جائیں گے وہ تو نہیں گرائے گئے لیکن غریب کے مکان ،دکانیں گرا د ی گئیں ،ایک وزیر ہیں جنہیں ایک زمانے میں اپنا چپڑاسی کہا گیا تھا ،سرکلر ریلوے کے نام پر ہزاروں لوگوں کو بے گھر کیا گیا ،ایک دن کہا جاتا ہے پروڈکشن آرڈر نہیں آئیں گے ،ٹھیک 24 گھنٹے بعد پروڈکشن آرڈر آجاتے ہیں ،شک پڑتا ہے کہ فیصلے کوئی اور کرتاہے ، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ تاریخ کا واحد بجٹ ہے جس پر سب کا اتفاق ہے کہ اس کو مسترد کرنا چا ہئے ،یہ بجٹ جرم ضعیفی ہے ،اسد عمر کو ہٹاکر آئی ایم ایف کا کارندہ بٹھایا گیا،جس طرح کرکٹ ٹیم نے سرفراز کی قیادت میں شکست کھائی جس پر ہمیں افسوس ہے ،اس سے بڑھ کر ہماری معاشی ٹیم نے شکست کھائی ہے ، بجٹ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ غریب کی جھونپڑی پر خودکش حملہ ہے ،یہ شیطانی اور دجالی جال ہے جس میں ہم پھنس گئے ہیں ، بجٹ پاس ہو ا تو جرائم میں اضافہ،غربت بڑھے گی ،پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ پوری قوم کہہ رہی ہے بجٹ فوری طور پر واپس لیا جائے ، یہ بجٹ تو صرف دکھاوا ہے ،بجلی ، ادویات کی قیمتیں بجٹ سے پہلے بڑھیں،اگر ہمیں ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے تو کوئی بینک قرضہ نہیں دے گا، ر حمن ملک نے کہا کہ مہنگائی کو کم کیا جائے ،عوام کی چیخیں نہ نکلوائیں،سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ بڑا چیلنج ہے ،زوال کسی ایک شعبے میں نہیں ہر شعبے میں نظر آتا ہے ، حکومت سے کہتے ہیں مہنگائی کو روکو ورنہ مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں ،ہمیں فوری طور پر پانی چا ہئے ،ڈیم تعمیر کئے جائیں ،سینیٹر نزہت صادق نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کی گئی،حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ،ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی ہوئی ، بجٹ پر نظر ثانی کی جائے ،بعد ازاں سینیٹ اجلاس پیر سہ پہر ساڑھے چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔