رانا ثنا اللہ کس کی راہ تکتے رہے ؟

رانا ثنا اللہ کس کی راہ تکتے رہے ؟

ہیروئن سمگلنگ کے الزام میں گرفتار لیگی رہنماراناثنااللہ پیشی کے موقع پر پارٹی رہنمائوں کی راہ تکتے رہے

(محمداشفاق ) ہیروئن سمگلنگ کے الزام میں گرفتار لیگی رہنماراناثنااللہ پیشی کے موقع پر پارٹی رہنمائوں کی راہ تکتے رہے ۔ مسلم لیگ ن کا صوبائی اور مرکزی سطح کا کوئی رہنما ان سے اظہاریکجہتی کے لیے ضلع کچہری نہ پہنچ سکا،جبکہ کارکنوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر تھی ۔صبح8بجے سے ساڑھے 9بجے تک کوئی لیگی رہنما ضلع کچہری نہ پہنچا جبکہ پونے دس بجے کے قریب ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا ۔ اے این ایف نے رانا ثنا کو 10بجکر 25منٹ پر ضلع کچہری پہنچایا تو چند لیگی کارکن استقبال کے لیے موجود تھے ،جنہوں نے ان کے حق میں نعرے لگائے ،جب انہیں گاڑی سے باہر نکالا گیا توانہوں نے چاروں طرف دیکھا لیکن مسلم لیگ ن کا کوئی مرکزی اور صوبائی سطح کا رہنما نظر نہ آیا ۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک جو شہباز شریف کی ہر پیشی پر موجود ہوتے تھے وہ بھی کمرہ عدالت نہ آئے ، کارکنوں کی کم تعداد دیکھ کر وہ پریشان دکھائی دیئے ۔سماعت کے دوران سب اس وقت حیران رہ گئے جب اے این ایف کے تفتیشی افسر نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی ، جس کے بعد عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا ۔عدالتی اجاز ت کے بعد راناثنااللہ سے ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کی ملاقات کروائی گئی ۔ وکیل نے درخواست ضمانت دائر کرنے کے لیے ان سے وکالت نامہ پر دستخط کروائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں