با اثر شخصیت کی مداخلت، ڈی سی گجرات پر دھاوے کے معاملہ پرصلح

 با اثر شخصیت کی مداخلت، ڈی سی گجرات پر دھاوے کے معاملہ پرصلح

ڈی سی نے 40کروڑکے ٹینڈرمنسوخ کئے تو چیف آفیسر ضلع کونسل اورایکسین لڑپڑے

گجرات(سٹی رپورٹر )با اثر سیاسی شخصیت کی مداخلت پر ڈی سی گجرات پر دھاوے کے معاملہ پرصلح صفائی ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق کچھ روزقبل ڈی سی گجرات نے چند ہاؤسنگ سکیموں کو غیر قانونی قرار دیا جن میں سے بیشتر ق لیگی رہنماؤں کی تھیں جبکہ اسی دن گجرات ضلع کونسل میں 40 کروڑ سے زائد مالیت کے منصوبوں پر ٹینڈر جاری کئے جانے تھے لیکن عین موقع پر ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد نے ٹینڈر منسوخ کر دیئے ،اس دوران چیف آفیسر ضلع کونسل اشفاق وڑائچ اور ایکسین مسلم خان آپس میں جھگڑ پڑے جس کے بعد ایکسین نے چیف آفیسر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی ،چیف آفیسر ٹھیکے اوپن کئے بغیر مخصوص ٹھیکیداروں کو دینا چاہتے تھے جبکہ ایکسین ضلع کونسل ٹینڈراوپن کرنا چاہتے تھے جو نہ ہونے پر منسوخ کر دیئے گئے جس پر ق لیگی ایم پی اے وجاہت نواز اجنالہ کے بھائی سابق تحصیل ناظم سعادت نواز اجنالہ مسلح افراد کے ساتھ ڈی سی دفتر پہنچے اور ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد کو دو تھپڑ رسید کیے اور بعد میں ان کے غنڈے تشددکانشانہ بناتے رہے جس پر ڈی سی کی سکیورٹی نے فوراً ڈی پی او آفس سے اضافی نفری منگوائی اور ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد کو غنڈوں سے بچایا،اس دوران پولیس نے مسلم لیگ (ق) کے ورکر عمران بیگ کو گرفتار بھی کرلیا،شام کو ممبر قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی ڈی سی گجرات کی سرکاری رہائشگاہ پر پہنچے اور معاملے پر خاموش رہنے کی ہدایت کر کے چلے گئے جس کے بعد عمران بیگ کو بھی رہا کر دیا گیا،اس حوالے سے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کا کہناتھا ڈی سی آفس میں ڈی سی گجرات اورسعادت نواز اجنالہ کے درمیان تلخ کلامی اور توتکار ہوئی جس کے بعد با اثر سیاسی شخصیت کی مداخلت پر صلح صفائی ہو گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں