اقوام متحدہ میں کوئی بڑا بریک تھر و نہیں ہوگا ، تھنک ٹینک

 اقوام متحدہ میں کوئی بڑا بریک تھر و نہیں ہوگا ، تھنک ٹینک

عرب بھائیوں نے امریکیوں کوکرائے کے فوجیوں کے طور پر رکھاہوا ہے ، ایاز امیر دنیا کو پتہ چلنا چاہئے کہ کشمیر میں جوانسان ہیں ان کاخون بھی سرخ ہے ، سلمان غنی امریکا انسانی حقوق کی سپورٹ اس وقت تک کرتا جب تک مفادات ہوں ، حسن عسکری کسی ملک کا سربراہ بھی کشمیر ایشو پر بات کردیتا ہے تو یہ ہماری کامیابی ہوگی، خاور گھمن

لاہور (دنیا نیوز)تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ سعودی عرب دنیا کا تیسرا ملک ہے جو زیادہ پیسہ اسلحہ پر خرچ کرتا ہے لیکن آٹھ دس میزائل پتہ نہیں کہا ں سے آئے کہ سارا نقشہ ہی بدل کررکھ دیا ؟ ہمارے عرب بھائیوں نے امریکیوں کوکرائے کے فوجیوں کے طور پر رکھاہوا ہے ۔پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان سیدہ عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جو سوچتے ہیں کہ ہم نیویار ک میں چار دن میں جاکر پتہ نہیں کیا فتح کرلیں گے ؟۔ مسلمان اپنے معاملات حل کرنہیں سکتے اور دوسری طرف دیکھتے ہیں لیکن جب بات ہوامہ کی اور فلسفہ کی ہو تو پھر آپ تقریروں کوسن نہیں سکتے ۔امریکا کی خوشنودی ہی ہر چیز کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔روزنامہ دنیا کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر ،تجزیہ کار سلمان غنی نے کہاہے کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں کوئی بڑا بریک تھر و نہیں ہوگا لیکن وزیر اعظم دنیا کوبتادیں گے کہ اگر یہ مسئلہ قابو سے باہر ہوا تو پھر یہ خطے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس سے دنیا بھی متاثر ہوگی۔وزیر اعظم عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات بہت اہم ہے ، اگر امریکا کی کمزوری انسانی حقوق ہیں تو پھر اس رگ کوہی چھیڑنا ہے تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ کشمیر میں بھی جوانسان ہیں ان کاخون بھی سرخ ہے ۔ سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ ا قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کشمیر کے حق میں کوئی قرار دادپاس نہیں کرے گی اور اگر کربھی دے تو اس سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔امریکا انسانی حقوق کی اس وقت تک سپورٹ کرتاہے جب تک اس کے مفادات ہوں جن انسانی حقوق میں امریکا کے مفادات نہ ہوں تواس کوامریکا فارغ کردیتاہے ۔کشمیر کا مسئلہ کوئی چھ ماہ میں حل نہیں ہوگا ، وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سربراہان مملکت سے ملنا اہم ہے ، مودی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر پربات کرے گااور وہ دہشتگردی کے حوالے سے بات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرانگریزی میں خطاب کرناچاہئے تاکہ عالمی سطح پر اپنا بیانیہ پہنچا سکیں ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا بہت اچھا جارہا ہے ،وزیر اعظم عالمی رہنمائوں،سرمایہ کاروں سے ملاقات کررہے ہیں،مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ میں پریس کانفرنس بھی کرینگے ،اگر کسی ملک کا سربراہ بھی کشمیر ایشو پر بات کردیتا ہے تو یہ ہماری کامیابی ہوگی،مشرق وسطیٰ کے ایک بار پھر حالات تبدیل ہورہے ہیں،سعودی عرب میں امریکا فوج بھیج رہا ہے ،مصر میں السیسی کیخلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں