عمران خان کی تقاریر کو عالمی سطح پر سراہا گیا ، تھنک ٹینک

 عمران خان کی تقاریر کو عالمی سطح پر سراہا گیا ، تھنک ٹینک

ناقدین کو منہ کی کھانا پڑے گی،ایاز امیر ،کچھ وزرا کی تبدیلی ہوسکتی ہے ،خاورگھمن وفاق اور پنجاب میں پروفیشنل لوگ لانے کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر حسن عسکری عمران خان جو اعتماد باہر سے لیکر آئے ہیں وہ اسلام آباد میں بھی ظاہر کریں،سلمان غنی

لاہور(دنیا نیوز)سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا مکمل کرکے پاکستان آگئے ہیں انہیں بھرپور پذیرائی ملی،عالمی سطح پر بھی ان کی تقاریر کو سراہا گیا،ان کے دورے سے پہلے ملک میں تبدیلی کی آوازیں سنی جارہی تھیں کسی حد تک وہ دب گئی ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ عمران خان ملک میں وہی کرنے جارہے ہیں جو انہوں نے کرکٹ میں کیا تھا،عمران خان محنت سے اوپر آئے تھے ،حالانکہ چودھری نثار ان سے بہتر کرکٹر تھے ۔عمران خان طرز حکمرانی میں ردھم میں آرہے ہیں،میرا خیال ہے کہ ان کے ناقدین کو منہ کی کھانا پڑے گی۔روزنامہ دنیا کے ایگزیکٹو ایڈیٹر ،تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست اور جمہوریت کیلئے ضروری ہے کہ حکمران جو مینڈیٹ لے کر آتے ہیں اس پر پورا اتریں،عمران خان جو اعتماد باہر سے لیکر آئے ہیں وہ اسلام آباد میں بیٹھ کر بھی ظاہر کریں،گورننس اور دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔سول بالادستی تب قائم ہوگی جب سول حکومتیں کچھ کرکے دکھائیں گی۔عثمان بزدار کے حوالے سے چند روز میں خوشخبری ملے گی۔شہباز شریف مولانا کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کرسکتے ہیں۔اگر مولانا فضل الرحمن اسلام آباد چلے جاتے ہیں تو حکومت کیلئے مشکل ہوجائے گی۔سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ خارجہ امور میں کامیابی حاصل ہو وہ اندرونی طور پر بھی حاصل ہوجائے ،ٹیم کے حوالے سے ایشوز موجود ہیں،وفاق اور پنجاب میں پروفیشنل لوگ لانے کی ضرورت ہے ،صوبائی سطح پر یہی ٹیم رہی تو پھر اللہ حافظ ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نظر ثانی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ،کچھ وزرا کی تبدیلی ہوسکتی ہے ،اسد عمر کی واپسی کا امکان ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں