پاکستان میں گزرا وقت زندگی کے خوشگوار ترین دن :سکھ یاتری
سکھ یاتریوں کا دوسرا جتھہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس چلاگیا، تحفے دیئے گئے پاکستان سے ملنے والی محبت ،رواداری کے پیغام کو دنیا بھرمیں پھیلائینگے :سردار سوہن سنگھ
لاہور(نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا)بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا دوسرا جتھہ واہگہ بارڈر کے راستے پیدل بھارت واپس چلا گیا ۔ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل نے چیئرمین بورڈ کی طرف سے یاتریوں کو خصوصی تحائف اور گلدستے پیش کر کے الوداع کیا ،اس موقع پر ،پردھان سردار ستونت سنگھ ، پی آر او عامر حسین ہاشمی ،سردار امیر سنگھ و دیگر موجود تھے ۔سکھوں کے اہم مذہبی رہنمابابا پرنندر پال سنگھ گیانی نے واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان میں گزارے دن میری زندگی کے خوشگوار ترین دن تھے ۔پاکستانی مہمان نواز قوم ہیں ۔ گورو دوارہ کرتار پور یاترابھارت میں بسنے والے ہر سکھ کی دیرینہ خواہش تھی جو وزیر اعظم عمران خان نے پوری کر دی ۔بابا گور و نانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر گورو نانک یونیورسٹی کا قیام، سرکاری سطح پر یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ کا اجرا سکھ قوم سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔سردار سوہن سنگھ خالصہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ، جنم دن کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے حسین یادیں لیکر واپس روانہ ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان سے ملنے محبت اور رواداری کے پیغام کو پھیلائیں گے ۔دوسری جانب سکھ یاتریوں کا 174 رکنی جتھہ پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے ذریعے برطانیہ واپس روانہ ہو گیا۔لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے سٹیشن منیجر اور ڈپٹی سٹیشن منیجر نے سکھ یاتریوں کو الوداع کہا۔پی آئی اے کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔یاتریوں کے لیے علیحدہ چیک ان کاؤنٹر ،دوران پرواز خصوصی کھانے کا بندو بست کیا گیا۔سکھ یاتریوں نے اعلیٰ انتظامات پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کا شکریہ ادا کیا۔