عوامی ضرورتوں والے محکموں کا چارج متحرک وزرا کودینے کا فیصلہ
ناقص کارکردگی کے حامل وزرا کے محکموں کی تبدیلی کیلئے مانیٹرنگ حتمی مرحلے میں داخل مانیٹرنگ رپورٹ کے تناظر میں ردوبدل ہوگا ،بعض وزرا کام پر توجہ ہی نہیں دے رہے بلدیاتی انتخابات کیلئے پنجاب کو متحرک ٹیم کی تلاش ،کچھ مثبت اقدامات کرنے کی کوشش
لاہور(لیاقت انصاری،محمد حسن رضا سے )پنجاب میں وزرا کی وزارتوں میں ممکنہ ردو بدل کے حوالے سے مشاورتی عمل میں تیز ی آگئی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے متعدد معاملات میں عثما ن بزدار کو ہدایا ت جاری کر دی ہیں، بنیادی عوامی ضرورتوں والے محکموں کا چارج متحرک وزرا کودینے کا فیصلہ کرلیا گیا، بلدیاتی انتخابات کو ن کروائے گا، حکومت پنجاب کو متحرک ٹیم کی تلاش ہے ، ناقص کارکردگی کے حامل وزرا کے محکموں کی تبدیلی کیلئے مانیٹرنگ حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ۔ پنجاب میں وزراکے محکموں کی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی جارہی ہے جبکہ آئندہ سال کے شروع میں بلدیاتی انتخابات کے بڑے ٹاسک کیلئے بھی تحریک ا نصاف کو پنجاب میں متحرک ٹیم کی ضرورت ہے ، اس وقت لوکل گورنمنٹ کا کوئی وزیر نہیں ، چارج وزیراعلیٰ کے پاس ہے ، پارٹی کی کور کمیٹی کے اہم ترین رکن علیم خان تاحال کابینہ سے باہر ہیں ، علیم خان کے کابینہ میں آئندہ کردار بارے بھی پارٹی میں اعلیٰ سطح کی مشاورت جاری ہے ، میانوالی سے سبطین خان نیب کیس کے با عث از خود مستعفی ہو ئے ، سبطین خان کے وزارت کے معاملات پر بھی غور کیا جارہاہے ، ملک اسد کھوکھر کو تاحال وزرات نہ مل سکی ،حلف اٹھائے کئی ماہ ہوگئے ہیں ، ٹرانسپورٹ کے حوالے سے عوام کو د رپیش مشکلات بھی حکومتی ایوانوں میں زیرغور ہیں ، ٹرانسپورٹ کے وزیر جہانزیب کچھی کی کارکردگی بارے مانیٹرنگ جاری ہے ، وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کی اپنی وزارت سے زیادہ وزارت اطلاعات میں دلچسپی سامنے آرہی ہے ، محکمہ ایکسائز کئی ما ہ گزرجانے کے باوجود نمبر پلیٹس کے اجرا میں ناکام ہے ،محکمہ ایکسائزکو نمبر پلیٹس کے معاملے پر وزیراعلیٰ 14دن کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں، کارکردگی کے لحاظ سے وزیرایکسائز حافظ ممتاز کی وزارت کی بھی مانیٹرنگ جاری ہے ، دیگر محکموں کی بھی مانیٹرنگ رپورٹ کے تناظر میں وزرا کے محکموں میں ردوبدل کے فیصلے ہونگے اورحتمی منظوری وزیراعظم عمران خان سے حاصل کی جائے گی۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ عمران خان ہمیشہ سے ہی ایک بات کرتے رہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کو فوری حل کرنا ہو گا مگر عوام سے جڑے بنیادی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے لیکن وزرا کی جانب سے سب اچھا کی رپورٹ ہی دی جاتی رہی، جبکہ اب عمران خان کی جانب سے مختلف اداروں کی غیر جانبدار انہ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ بعض وزرا کام پر کم جبکہ دیگر کاموں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، اور محکموں کے معاملات ان سے کنٹرول نہیں ہوئے ، یہاں تک کے ان کے محکموں کے معاملات کو دیگر وزرا کو شامل کر کے کنٹرول کیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے اب ان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پی ٹی آئی حکومت پنجاب میں کچھ مثبت اقدامات کر سکے اور عوام کے مسائل کا فوری حل ان کے ایجنڈے کا حصہ ہو۔