غیر معمولی بارشوں سے آبی ذخائر میں 5گنا زیادہ پانی موجود

غیر معمولی بارشوں سے آبی ذخائر میں 5گنا زیادہ پانی موجود

تربیلا، منگلا ،چشمہ میں ذخیرہ 53لاکھ 67ہزار ، پچھلے سال 11لاکھ 99ہزار ایکڑ فٹ تھا زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا، جی ڈی پی پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے

لاہور(زاہدعابد )رواں برس غیر معمولی مون سون کی بارشوں سے آبی ذخائر میں گزشتہ برس کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ پانی موجود ہے ۔تربیلا ،منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 53 لاکھ 67 ہزار ایکڑ فٹ تک ہے جبکہ گزشتہ برس ان ہی دنوں میں تینوں بڑے آبی ذخائر میں صرف 11لاکھ 99 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود تھا ۔ماہرین کے نزدیک پانی کی دستیابی زرعی شعبے کے لئے بہترین ہے ۔روزنامہ دنیا کے حاصل کردہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ پانچ برس میں آبی ذخائر میں وسط دسمبر میں اوسطاََ 26 لاکھ 65 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہوتا تھا ۔ رواں برس وسط دسمبر میں تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 22لاکھ 93ہزار ایکڑفٹ ہے جو گزشتہ برس وسط دسمبر میں صرف پانچ لاکھ دو ہزار ایکڑفٹ تھا ۔ اسی طرح منگلا ڈیم میں بھی اب پانی کا ذخیرہ 29لاکھ 74ہزار ایکڑفٹ ہے جبکہ گزشتہ برس صرف چھ لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ تھا ،چشمہ میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی اس وقت دستیاب ہے جبکہ گزشتہ برس صرف 58 ہزار ایکر فٹ پانی موجود تھا۔ اسی طرح تربیلا ڈیم میں گزشتہ برس کے مقابلے میں پانی کی سطح 59 فٹ زیادہ ہے جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1475 فٹ ہے جبکہ گزشتہ برس ان ہی دنوں میں تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1416 فٹ تک تھی منگلا ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح 1176 جبکہ گزشتہ برس 1113 فٹ تک تھی ۔اعدادو شمار کے مطابق اسوقت پانی کی دستیابی گزشتہ پانچ برس کے مقابلے میں سب سے بہترین سطح پر ہے جس سے نہ صرف پن بجلی کی پیداوار میں بہتری رہے گی بلکہ زرعی شعبے کے لئے بھی پانی کی دستیابی گزشتہ پانچ برس کے مقابلے میں زیادہ ہو گی جس سے زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گاجس سے جی ڈی پی پر مثبت اثرات بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے اور یہ توقع بھی کی جارہی ہے کہ شدید سرد موسم کی لہر میں برفباری بھی زیادہ ہوگی جس سے موسم گرما کے آغاز پر ڈیمز میں پانی کی دستیابی مزید بہتر ہو سکے گی۔ آبی ذخائر

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں