پی ٹی آئی دور:بجلی 15 بار مہنگی ,صارفین پر 570 ارب کا اضافی بوجھ

پی ٹی آئی دور:بجلی 15 بار مہنگی ,صارفین پر 570 ارب کا اضافی بوجھ

12مرتبہ ماہانہ فیول چارجزایڈجسٹمنٹ کے تحت 120ارب،3بار سالانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت 450ارب کااضافہ کیاگیا 3بارصرف 50پیسے یونٹ کمی ،صارفین سے 13.51 روپے فی یونٹ اوسط قیمت وصولی،بجلی لاگت 11.95 روپے

اسلام آباد(وقا ئع نگارخصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک سال کے دوران ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مختلف اوقات میں بجلی مجموعی طور پر 12روپے 34پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی اور صارفین پر 120ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا، سالانہ ٹیرف کی مد میں بجلی الگ سے 3روپے 85پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی،اس مد میں عوام پر 450ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ ایک سال میں سالانہ ایڈجسٹمنٹ (سہ ماہی بنیاد پر) بجلی کی قیمت میں 3 بار اضافہ کیا ، اس اضافے سے صارفین کو 450 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ نیپرا نے مالی سال 2018-19کی پہلی دوسہ ماہیوں(جولائی سے دسمبر ) میں سالانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1.49روپے فی یونٹ اضافہ کیا تھا اور صارفین سے 190ارب روپے وصول کئے جبکہ اتھارٹی نے مالی سال 2018-19کی آخری دوسہ ماہیوں (جنوری سے جون)سالانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت 53پیسے فی یونٹ بڑھا ئی تھی اور صارفین سے 53ارب روپے وصول کئے تھے ۔ پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق اگست 2018سے اکتوبر 2019کے دوران ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 12بار مہنگی کی گئی جبکہ اسی عرصہ کے دوران 3 بار مجموعی طور پر 50پیسے فی یونٹ سستی ہوئی۔اگست 2018میں بجلی 1روپے 16پیسے ، ستمبرمیں 19پیسے ، اکتوبرمیں 47پیسے ،دسمبرمیں 56پیسے ، جنوری 2019 میں 1روپے 71پیسے ، فروری میں 80پیسے ، اپریل میں 55پیسے ،مئی میں 9پیسے ، جولائی میں 1روپے 77پیسے ، اگست میں 1روپے 66پیسے ، ستمبر میں 1روپے 82پیسے ، اکتوبر میں 1 روپے 56پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی جبکہ نومبر 2018میں بجلی 33پیسے ، مارچ 2019میں 4پیسے اور جون 2019میں 13پیسے فی یونٹ سستی کی گئی۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کے تمام صارفین سے اوسط قیمت 13.51روپے فی یونٹ وصول کی جارہی ہے جس میں بجلی کی قیمت 11.95روپے جبکہ انٹر ڈسکوز ٹیرف کی مد میں1.03روپے ، قرضوں کی ادائیگی کیلئے 43پیسے اور نیلم جہلم سرچارج کی مد میں 10پیسے وصول کئے جاتے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں