دسمبر 2019:گزشتہ 17سالوں کے دوران سب سے سرد مہینہ رہا
مسلسل پڑنے والی دھند کے باعث ماہ دسمبر17سالوں کے دوران لاہور میں سب سے سرد مہینہ رہا۔محکمہ موسمیات نے رواں ماہ جنوری بھی معمول سے زیادہ سرد مہینہ رہنے کی پیش گوئی کردی
لاہور(سہیل احمد قیصر)مسلسل پڑنے والی دھند کے باعث ماہ دسمبر17سالوں کے دوران لاہور میں سب سے سرد مہینہ رہا۔محکمہ موسمیات نے رواں ماہ جنوری بھی معمول سے زیادہ سرد مہینہ رہنے کی پیش گوئی کردی ۔ماہ دسمبر کے دوران گزشتہ 17 سالوں کے دوران سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی ہے جب 30اور 31 دسمبر کی درمیانی شب کو پارہ دوڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ۔ یہ گزشتہ 17سالوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ماہرین کے مطابق ماہ دسمبر روایتی طور پر شدید سردمہینہ ہے لیکن حیرت انگیز طور پر یہ درجہ حرارت میں اُتار چڑھاؤ کے حوالے سے بھی منفرد ریکارڈ رکھتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق اِس مہینے کے دوران اب تک سب سے زیادہ سردی 1910 میں ریکارڈ کی گئی تھی جب لاہور کا درجہ حرارت منفی دوڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔ ماہرین نے سردی کی بڑی وجہ دسمبر کے دوران لگاتار دھند پڑنے کو قرار دیا ہے ۔