مریم نوازسے رانا ثنااللہ کی فیملی کے ہمراہ3گھنٹے طویل ملاقات
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے رانا ثنا اللہ نے فیملی کے ہمراہ ملاقات کی،رائیونڈ میں ہونیوالی یہ ملاقات تین گھنٹے سے زائد جاری رہی
لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے رانا ثنا اللہ نے فیملی کے ہمراہ ملاقات کی،رائیونڈ میں ہونیوالی یہ ملاقات تین گھنٹے سے زائد جاری رہی،اس موقع پر مریم نواز نے انہیں ضمانت پر مبارکباد دی۔سا بق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے ثابت قدم رہنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہاکہ آپ نے جتنی جرات سے اپنے اوپر لگنے والے الزام اور مشکلات کا سامنا کیا ، آپ اورآپ کی فیملی کو سلام ہے ۔ملاقات میں موجودہ مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر نواز شریف کی والدہ بھی موجود رہیں،رانا ثنا کیساتھ ان کی اہلیہ ، بیٹی اور داماد شہریار سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے ، مریم نواز نے ان کی فیملی کے ہمراہ دوپہر کا کھانا بھی کھایا، رانا ثنا نے سابق وزیر اعظم کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر رانا ثنا نے کہا حراست کے دوران پارٹی اور شریف خاندان کی جانب سے مکمل تعاون و اخلاقی مدد پر شکر گزار ہوں۔ رانا ثنا کا کہنا تھا عوام جانتے ہیں کہ سلیکٹڈ حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مجھے جھوٹے کیس میں پھنسایا،میری نوازشریف اور پارٹی سے وابستگی مزید مضبوط ہو گئی ہے ، اللہ تعالیٰ اس کیس سے سرخرو کرے گا۔رانا ثنا نے کہامجھ پر کیس وزیراعظم عمران خان کے ایما پر بنایا گیا،اس سے اداروں کی جانبداری بھی کھل کرسامنے آگئی ہے ۔