سنگاپور:زخمی بنگلہ دیشی طالبعلم رہنما کا دوران علاج انتقال
ہادی کی موت قومی نقصان ،تشدد سے جمہوریت کا سفر نہیں روکا جا سکتا:یونس بھارت کیخلاف احتجاج جاری ، طلبا تحریک کو شدت پسند کہنے پر معافی کا مطالبہ
سنگاپور،ڈھاکہ (اے ایف پی،دنیامانیٹرنگ) بنگلہ دیش میں 2024 کی عوامی اور طلبا تحریک کے اہم رہنما شریف عثمان ہادی سنگاپور میں دوران علاج انتقال کر گئے ۔ 32 سالہ ہادی کو ایک ہفتہ قبل ڈھاکہ میں مسجد سے نکلتے وقت نقاب پوش حملہ آوروں نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں علاج کیلئے سنگاپور منتقل کیا گیا۔ سنگاپور کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ عبوری وزیراعظم محمد یونس نے ہادی کی موت کو قومی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوف اور تشدد سے جمہوریت کا سفر نہیں روکا جا سکتا۔ حکومت نے آج ملک بھر میں یوم سوگ کا ا علان کیا ہے ۔دوسری جانب بنگلہ دیش میں بھارت کیخلاف دوسرے رو ز بھی احتجاج جاری رہا ،مظاہرین نے طلبا تحریک کو شدت پسند کہنے پر بھارت سے 72گھنٹے میں معافی کا مطالبہ کیا ہے ۔جمعرات کو بنگلہ دیشی پولیس نے بھارت کے سفارتی مشن کی جانب مارچ کرنے والے مظاہرین کو روک دیا ۔راجشاہی میں درجنوں افراد نے اسسٹنٹ بھارتی ہائی کمشنر کے دفتر کی طرف مارچ کیا اور شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق مظاہرین کے مطالبات سن کر انہیں اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بھارت نے منگل کو بنگلہ دیش میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال پر تشویش ظاہر کی تھی۔