ای آفس پرمنتقلی :وزارت آئی ٹی کو22ارب دینے کافیصلہ
پہلے مرحلے میں وزارتوں کوای آفس پرمنتقل،دوسرے مرحلے میں باہم منسلک کیا جائیگا سرکاری امور کی سکیورٹی کیلئے فلٹرز بنائے جائیں گے ،وزیراعظم نے منظوری دیدی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کو ایک سال میں وفاقی وزارتوں کو ای آفس پرمنتقل کرنے اور پیپر لیس کام شروع کرنے کیلئے 22 ارب روپے بجٹ دینے کافیصلہ کیاہے ۔ وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈٹیلی کمیونی کیشن کو پہلے مرحلہ میں 35 وزارتوں اور 45 ڈویژنوں کو مکمل طورپر ای آفس نظام پر منتقل کرنے اوردوسرے مرحلہ میں انہیں آپس میں منسلک کرنے کامنصوبہ شروع کرنے کی منظوری د ی ہے ۔ وزارت آئی ٹی کا ماتحت ادارہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی )اور نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی (این ٹی سی ) مذکورہ منصوبہ پرعمل درآمد کریں گے ۔ این ٹی سی وفاقی وزارتو ں اور ڈویژنوں کو ای آفس پر منتقل کرنے اور وزارتوں کے مابین رابطہ کیلئے آئی ٹی پلیٹ فارم تشکیل دے گا۔ اس منصوبے کے تحت انفرادی واجتماعی گروپس تشکیل دیئے جائیں گے جس کے تحت افسران و ملازمین سرکاری امور کیلئے آپس میں رابطہ کرسکیں گے اور سرکاری فائلوں کو ایک وزارت سے دوسری وزارت بھجواسکیں گے ۔اس منصوبے کے تحت ویڈیو اور وائس کالنگ نظام بنایاجائے گا جس کے ذریعے افسران اپنے دفاتر میں بیٹھ کر مختلف امور پر اجلاس اور رابطہ کرسکیں گے ۔ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے افسران کیلئے ویب سائٹس ، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرایپس او ر موبائل ایپس بنائی جائیں گی۔ اس منصوبے کا الگ ایڈمن ہوگا اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے مابین آئی ٹی ڈائریکٹری بنائی جائے گی جبکہ سرکاری امور کی سکیورٹی کیلئے آئی ٹی سرچ اور فلٹرز بنائے جائیں گے ۔ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے سوشل میڈیا کی اسامیاں تشکیل دی جائیں گی جو کہ عالمی سوشل میڈیا کے سکیورٹی خطرات کاجواب دیں گے ۔