ق لیگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کردیا

ق لیگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کردیا

وفاق سے ناراض ،حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں شکایات کے انبار حکومتی ارکان کو بھی شکایات، وفاق فنڈز کے معاملہ پر تعاون نہیں کررہا:ذرائع

لاہور(لیاقت انصاری سے )تحریک انصاف کے ارکان کے بعد ق لیگ نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق وفاقی حکومت سے تو ناراض ہے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب سے انہیں کوئی تحفظات نہیں ، مسلم لیگ ق نے حکومتی کمیٹی کیساتھ مذاکرات میں جہاں شکایات کے انبار لگائے وہیں یہ معاملہ بھی اٹھایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو بااختیاربنایاجائے تاکہ وہ اتحاد یوں اور اپنی پارٹی کے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں ۔ بے اختیار وزیر اعلیٰ ،پنجاب میں اتحاد کے معاملات کو آگے لیکر نہیں چل سکتا ۔ اسی طرح پنجاب میں پندرہ سے بیس ا رکان اسمبلی کا بھی ایک گروپ بن چکاہے جس نے اپنی پہلی ہی غیر رسمی نشست میں وزیراعلیٰ کے لئے اختیارات کامطالبہ کیاتھا ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے اندر بااثر حلقوں کاکہناہے کہ فنڈز کے معاملے پر بھی وفاق پنجاب سے تعاون نہیں کررہا ، میٹرو بس اسلام آباد کی لاگت کے فنڈز ابھی تک پنجاب حکومت کو نہیں دیئے گئے اور سبسڈی کا بوجھ پنجاب حکومت کوبرداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی طرح پنجاب میں تحریک انصاف کے متعدد سینئر رہنما ، اپنی رہنمائی کے لئے وزیراعلیٰ کی جانب دیکھنے کی بجائے اسلام آبا د اور بنی گالہ کی طرف دیکھتے ہیں۔ پنجاب میں اتحادیوں کو تحفظات ہیں کہ مختلف تقرریوں میں حصہ ملا نہ ہی وزارتوں کے معاملے میں اختیارات ملے ۔ جبکہ چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کے معاملات پر بھی حکومتی حلقوں کے اندر مختلف چہ مگوئیاں پائی جارہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں