گیس منصوبہ : پاکستان،روس کامعاہدہ میں ترمیم پراتفاق
روس کی تجویز کردہ امریکی پابندیوں سے آزاد روسی کمپنی کو نئے معاہدے میں شامل کیا جائیگا اکتوبر 2015میں دستخط ہوئے ، پابندیوں کیوجہ سے منصوبہ چار سال سے تعطل کا شکار
اسلام آباد (وقا ئع نگار خصوصی)پاکستان اور روس نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو امریکی پابندیوں سے بچانے کی راہ نکال لی ، پاکستان اور روس کے مابین 2ارب امریکی ڈالر کے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے بین الحکومتی معاہدہ میں ترمیم پر اتفاق کرلیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ ترمیم شدہ پروٹوکول کے تحت روسی حکومت کی تجویز کردہ امریکی پابندیوں سے آزاد روسی کمپنی کو نئے معاہدے میں شامل کیا جائے گا اور امکان ہے کہ پروٹوکول میں ترمیم کے معاہدے پرایک ماہ میں دستخط کر دیئے جائیں گے ، دونوں جانب سے مارچ میںBOOT( بلڈ، اون، آپریٹ و ٹرانسفر)معاہدے کاامکان ہے ۔حتمی معاہدے پر دستخط اس سال جولائی میں ہونگے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور روس کی حکومتوں نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کیلئے اکتوبر 2015 میں بین الحکومتی(جی ٹو جی) معاہدہ پر دستخط کیے تھے ،پاکستان کی جانب سے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری انٹراسٹیٹ گیس سسٹم (آئی ایس جی ایس) اور روس کی جانب سے آر ٹی گلوبل کوسونپی گئی تھی تاہم روسی کمپنی آر ٹی گلوبل پر امریکاکی جانب سے عائد پابندیوں کی وجہ سے یہ منصوبہ کئی سالوں سے تعطل کا شکاررہا،پاکستان اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے روس پر زور دیتا رہا کہ امریکی پابندیوں سے پاک روسی کمپنی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ کراچی سے لاہور تک گیس کی ترسیل میں مدد ملے ۔ ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے روس کے نائب وزیر توانائی اناطولی ٹخی نوف کی سربراہی میں ایک وفد نے گزشتہ پیر کو وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات بھی کی تھی،اس ملاقات کے بعدنارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے ، پاکستان کی جانب سے اس امرپر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس منصوبے میں شامل ہونیوالی نئی کمپنی امریکی پابندیوں سے آزاد ہے او ر آر ٹی گلوبل کو پائپ لائن بچھانے کا وسیع تجربہ بھی ہے جس سے اس منصوبے کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی ۔