کورونا :یکطرفہ امریکی پابندیاں امداد میں رکاوٹ :ایران
پابندیوں سے ایرانی عوام کو مناسب علاج سے محروم رکھا جا رہا ہے
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ایران نے کہا ہے یکطرفہ امریکی پابندیاں امداد میں رکاوٹ ہیں ، کورونا وائرس کے سلسلے میں افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں بلکہ مستند ،موثراورسرکاری ذرائع سے ہی اطلاعات حاصل کی جائیں ۔یہ بات ایرانی قونصل جنرل کوئٹہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کی گئی ،جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ایران نے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے تمام تر ضروری اقدامات کئے ہیں ، لہٰذااس صورتحال کے پیش نظر ایران اپنے ہمسایہ ممالک سے اس بات کی توقع ر کھتا ہے کہ وہ بھی متعلقہ اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے بین الاقوامی کاروبار کو منفی اثر ات سے نجات دلانے کیلئے غیر ضروری اقدامات کو نظر انداز کریں گے ۔ ایران نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکا کی طرف سے لگائی گئی غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیاں بین الاقوامی حفظان صحت کیلئے خطرہ ہیں، اس خطرے کے عملی نمونے کاکچھ اس طرح مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ ان پابندیوں کی وجہ سے ایرانی عوام کو مناسب علاج معالجہ، ادویات، حفظان صحت کیلئے ضروری سہولیات اور وسائل تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے ،جس سے حفظان صحت کو ایران میں خطرات در پیش آ سکتے ہیں اور یہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالیہ صورتحال کے نتیجے میں کئی ممالک متاثر ہو چکے ہیں ،کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایران بین الاقوامی اور دو طرفہ امداد کا خیر مقدم کرتا ہے ،عالمی ادارہ صحت اور دوسرے دوست ممالک اپنی امداد بھیج رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکا کی جانب سے یک طرفہ اقدامات اور سیاسی دباؤ ایک بار پھر بین الاقوامی امداد کے ایران پہنچنے میں رکاوٹوں کا بہانہ نہیں بنے گا ۔