پنجاب یونیورسٹی :سائنسدانوں نے کورونا کی تشخیص کیلئے سستی کٹ تیار کر لی

 پنجاب یونیورسٹی :سائنسدانوں نے  کورونا کی تشخیص کیلئے سستی کٹ تیار کر لی

پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے سستی کٹ تیار کر لی

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے سستی کٹ تیار کر لی جس کے تحت کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کا ٹیسٹ صرف پانچ ڈالر یعنی تقریباً آٹھ سو روپے میں ہو سکتا ہے ۔پنجاب یونیورسٹی کے معروف پروفیسر اور سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی کے سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی سربراہی میں یہ کٹ تیار کی گئی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر ادریس نے کہا ڈائی گناسٹک کٹ کی تیاری کو ئی بڑا کارنامہ نہیں تاہم حکومت کو اپنے ادارے سے ہی سستی کٹ مل جائے گی۔ انہوں نے کہا جس لیبارٹری میں کورونا کے مریض کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کیا جائے وہ بی ایس ایل 3 کے معیار کی ہونی چاہیے تاکہ لیب میں کام کرنیوالے افراد وائرس سے متاثر نہ ہوں اور نہ ہی لیب سے وائرس باہر پھیل سکے ۔ انہوں نے کہا چند بنیادی اجزا کی فراہمی پر ایک ہفتے میں حکومت کو ہزاروں کٹس بنا کر فراہم کر سکتے ہیں۔پنجاب یونیورسٹی میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کریں گے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے ٹیم کو ہدایت دی کہ مشتبہ مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پنجاب یونیورسٹی سے منسلک افراد کے علاوہ عوام کے بھی ٹیسٹ مفت کئے جائیں تاکہ عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا ملک و قوم کو جب کورونا جیسے چیلنجز درپیش ہوتے ہیں تو یونیورسٹیاں ایسے گھمبیر مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتیں ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب یونیورسٹی نے تاریخ میں اہم معاملات میں ملک و قوم کی رہنمائی کی ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے بھی پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں