اعظم سلیمان کو تبدیل کیوں کیا گیا ؟

 اعظم سلیمان کو تبدیل کیوں کیا گیا ؟

چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے آٹا چینی رپورٹ سے متعلق اہم ثبوت تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کئے

لاہور(محمد حسن رضا سے )چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے آٹا چینی رپورٹ سے متعلق اہم ثبوت تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کئے ، یہی وجہ ان کی تبدیلی کا باعث بنی ۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سمیت متعدد افراد سے متعلق اہم ثبوت بھی انہوں نے فراہم کئے ، یہ الزام بھی عائد کیاجارہا ہے کہ پنجاب حکومت کی اعلیٰ شخصیت کے علم میں لائے بغیر اپنی مرضی سے تعیناتی کرنے کے معاملات بھی سامنے آتے رہے ہیں، گزشتہ تین دن سے یہ معاملات چل رہے تھے کہ اعظم سلیمان کو تبدیل کیا جائے ،گزشتہ روز ہونیوالی وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدا رکی میٹنگ میں یہ طے پایا کہ جواد رفیق ملک کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا جائے ۔ دو سری جانب نئے چیف سیکرٹری پنجاب کی تعیناتی کے بعدانتظامی عہدوں پر پھر ایک بار تبدیلیاں آئیں گی، جواد رفیق ملک ماضی میں کمشنر لاہور، سیکرٹری صحت پنجاب بھی تعینات رہے ، جواد رفیق ملک ن لیگ کے انتہائی قریبی افسروں میں سے سمجھے جاتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اعظم سلیمان کوایک ہفتہ قبل یہ آگاہ کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سے معاملات درست کر لیں، لیکن ایسا نہ ہوسکا ۔ اعظم سلیمان کا کہنا تھا انہیں علم نہیں تھا کہ انہیں تبدیل کیا جارہا ہے ، میں وزیراعلیٰ کے احکامات مانتا رہا ہوں اور تبادلے سروس کا حصہ ہوتا ہے ، میں نے اپنے دور میں بہترین اور میرٹ پر فیصلے کئے ، میں تو خود حیران ہوں کہ مجھے کیوں تبدیل کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں