گرین نگہبان پروگرام کی منظوری،6لاکھ افراد کو روزگار ملے گا

 گرین نگہبان پروگرام کی منظوری،6لاکھ افراد کو روزگار ملے گا

پروگرام کے تحت درخت لگائے جائینگے ، کام کرنے والا یومیہ 800کما سکے گا منصوبہ چاروں صوبوں میں شروع کیا جائیگا، عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے گرین نگہبان پروگرام کی منظوری دے دی ، منصوبہ چاروں صوبوں میں شروع کیا جائے گا، گرین نگہبان میں کام کرنے والا یومیہ 800 روپے کما سکے گا،منصوبہ سے چھ لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیاجائے گا ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو وزیر اعظم آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی وبائی صورتحال میں روزگار کیلئے بڑا منصوبہ متعارف کروا دیا۔ گرین نگہبان منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان خود کریں گے ۔ گرین نگہبان پروگرام سے کورونا وائرس کی صورتحال میں فوری ملازمتیں اورروزگار کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔پروگرام بیک وقت چاروں صوبوں میں شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو منصوبے کی ذمہ داری سونپ دی ۔معلوم ہوا کہ وزیراعظم گرین نگہبان پروگرام کے تحت دسمبر تک 2 لاکھ لوگوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں گی جبکہ آئندہ سال مزید 4 لاکھ افراد باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے ۔گرین نگہبان پروگرام تین طرح کی ذمہ داریاں ادا کریگا، اس سے شہروں کی صفائی بھی ممکن ہوسکے گی۔ جنگلات ، نرسریوں اور پارکس میں گرین نگہبان کی خدمات لی جائیں گی۔گرین نگہبان پروگرام کے تحت درخت لگائے جائیں گے اور شہروں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنایا جاسکے گا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں ہدایت کی صوبائی حکومتوں ، بین الاقوامی اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو پروگرام کے دائرہ کار میں اضافے اور اضافی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مصروف عمل ہونا چاہئے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں