یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافہ, ڈیلی ویجرز کو یومیہ 240 روپے اضافی ملیں گے
گریڈ 1سے 16تک ملازمین کو 10 ، گریڈ 17سے 20تک 5 فیصد ایڈہاک ریلیف،بقایاجات 3اقساط میں ملیں گے یومیہ اجرت میں اضافہ تعلیمی قابلیت کی بنیاد پرکیاگیا،کم سے کم اجرت 675،زیادہ 1440کردی گئی،نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(وقا ئع نگارخصوصی)یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی ہڑتال کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ، یوٹیلیٹی سٹورز کی انتظامیہ نے کارپوریشن کے ڈیلی ویجرز ملازمین کی یومیہ اجرت میں 240 روپے تک اضافہ کردیا،مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں بھی 10 فیصد تک اضافہ کردیا گیا،کارپوریشن کے اس اقدام سے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں ماہانہ 3500سے 7000روپے تک اضافہ ہوگا، یومیہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہو گا جبکہ یکم جولائی 2019 سے مارچ 2020 کے بقاجات اقساط میں ادا کئے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق انڈر میٹرک اور میٹرک کی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز کی یومیہ اجرت میں 125روپے کے اضافہ سے ان کی یومیہ اجرت 550 روپے سے بڑھا کر 675 روپے مقرر کردی گئی ہے ، انٹر میڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ اجرت 130 روپے کے اضافے کے ساتھ 650 روپے سے بڑھا کر 780 روپے مقرر کردی گئی ہے ۔ گریجوایشن اور ایم اے کی تعلیمی قابلیت والے ملازمین کی یومیہ اجرت 140روپے کے اضافے کے ساتھ 700 روپے سے بڑھا کر 840 روپے کردی گئی ہے ۔ ایم بی اے ،ایم پی اے ،ایم کام اور ایم ایس کی یومیہ اجرت 180روپے کے اضافے سے 900 سے بڑھا کر ایک ہزار 80 روپے ،ایم ایس سی،ا یم فل یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت 240 روپے کے اضافے سے 1200 روپے سے بڑھا کر 1440 روپے کر دی گئی ہے ۔ اسی طرح ہیڈ آفس ،زونل دفاتر اور مختلف پراجیکٹس پر چھٹی کے روز کام کرنے والے ڈیلی ویجز کو اضافی پیسے بھی دئیے جائیں گے جبکہ ڈیلی ویجز کو چھٹی کے روز کام کرنے پر یومیہ 75 روپے اضافی ادا کئے جائیں گے ۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں 10فیصد اضافہ کیاگیا ہے ، گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، گریڈ 17 سے 20 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ،یہ اضافہ ایڈہاک ریلیف الائونس 2019 کی مد میں کیا گیا ہے ، ملازمین کو بقایاجات 3 اقساط میں ادا کئے جائیں گے ۔