کر غستان سے پاکستانیوں کی واپسی، وزارت خارجہ و دیگر کو نوٹس
پی آئی اے کا کرغستان سے براہ راست فلائٹ آپریشن نہیں ہے ، وکیل پی آئی اے
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کر غستان کے شہر بشکک میں پھنسے 500 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے دائر درخواست پر وزارت خارجہ سمیت دیگر کو ایک بار پھر سے نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خالد لطیف و دیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا کرغستان سے براہ راست فلائٹ آپریشن نہیں ہے ،کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن بند ہے ، کرغستان میں پھنسے پاکستانی کابل، دبئی یا استنبول آجائیں تو پی آئی اے پرواز سے انہیں واپس لایا جا سکتا ہے ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کرغستان میں پی آئی اے فلائٹ آپریشن کیوں نہیں شروع کیا گیا؟ وکیل نے آگاہ کیا کہ مسافر کرغستان پی آئی اے کی فلائٹ سے نہیں گئے تھے ۔ بعد ازاں عدلت نے وزارت خارجہ اور دیگر سے 2 جون کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔