کورونا بجٹ تیار ،پہلی بار کسی ٹیکس کے لگنے کی توقع نہیں
معیشت مشکلات کاشکار،کوروناکی وجہ سے بے روزگاری بڑھی، عبدالرزاق دائود بجٹ میں ریلیف دینا ہی پڑے گا،اشفاق تولہ ، دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو
اسلام آباد(دنیا نیوز)کورونا بجٹ اجرا کیلئے تیار ہے ،اس کیلئے مختلف تجاویز بھی سامنے آچکی ہیں ،مشیر خزانہ کہہ چکے ہیں کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا ،عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔ پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ ’’ کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ کورونا بجٹ12 جون کوپیش کیا جائے گا۔آئی ایم ایف سے تین ماہ کیلئے چھوٹ مل گئی ہے ،پہلی بار کسی ٹیکس کے لگنے کی توقع نہیں ،کاروبار،ایکسپورٹ فرینڈلی بجٹ تیار کیا گیا ہے ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ کوروناکی وجہ سے معیشت مشکلات کاشکارہے ،ملکی درآمدات کافی حدتک کم ہوئی ہیں،کوروناکی وجہ سے بے روزگاری بڑھی، ایف بی آرمیں اصلاحات نہیں لاسکے ،ایف بی آرکودرست کرنابہت بڑاچیلنج ہے ،ایف بی آرایک سال میں درست نہیں ہوسکتا،کوروناسے پہلے برآمدات میں اضافہ ہورہاتھا،صنعتکاروں کو کہہ دیا ہے کہ کاروبار ضرور کریں لیکن ایس او پیز کو فالو کریں۔ ماہر معاشیات اشفاق تولہ نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں حکومت کے پاس دینے کیلئے بہت کچھ نہیں ہے لیکن پھر بھی ریلیف دینا پڑے گا،تعمیراتی شعبے سے 72 صنعتیں چلیں گی،خام مال پر ٹیکس چھوٹ دینا پڑے گی،اس وقت معیشت کا پہیہ کساد بازاری کی طرف جا رہا ہے ،معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکس چھوٹ دینا پڑے گی۔