20کلو آٹا 860کا ملے گا،پنجاب حکومت،فلورملز متفق
سیکرٹری خوراک نے ملز کی شرائط مان لیں،فی کلو قیمت 43 روپے ہوگی
لاہور (عمران ملک)20کلو آٹے کا تھیلا اب 860روپے کا ملے گا، پنجاب حکومت اور فلور ملز میں اتفاق ہوگیا۔ مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے ا س حوالے سے آڈیو پیغام جاری کردیا اور ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اب اوپن مارکیٹ میں آٹا 43 روپے فی کلو ملے گا۔ عاصم رضا کا کہنا ہے کہ نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری خوراک نے میٹنگ بلا کر تمام شرائط مان لی ہیں ۔ 20کلو آٹے کا ریٹ ایکس مل 837،پہنچ 850جبکہ صارف قیمت 860روپے ہو گی ۔یومیہ 16ہزار 900 ٹن گندم کا کوٹہ ریلیز کیا جائے گا تمام اضلاع میں سرکاری گندم کا کوٹہ 13بوری فی باڈی یکساں دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق قیمتوں کا اطلاق اگلے دو ماہ کے لئے عارضی ہو گا اور کابینہ کمیٹی اپنے فیصلے میں نئی قیمتوں کے اطلاق بارے ترمیم کرے گی۔واضح رہے کہ 8ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں سرکاری طور پر 80روپے ہوشربا اضافہ ہوا جبکہ فلور ملز مالکان کی طرف سے خودساختہ پانچ بار اضافہ کیا گیا ۔ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1050 سے 1080 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے ۔ جس پر پنجاب حکومت نے 2 جولائی کو آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 روپے مقرر کی تھی ۔اس پر فلور ملز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور سرکاری گندم خریدنے سے انکار کردیا تھا۔