سستے گھروں کی تعمیر کیلئے و زیر اعظم نے قومی رابطہ کمیٹی بنادی
چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی سربراہ، ہفتہ میں 2 اجلاس ہونگے
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی کا مقصد تعمیرات و ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا فروغ بالخصوص نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت معاشرے کے کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھر تعمیرکرنا ہے ۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ وزیراعظم میڈیا ونگ کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ہفتہ میں دو بار وزیراعظم کو اجلاس کی کارروائی کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس یا ان کا نمائندہ، سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹو، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پاور، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری قانون و انصاف، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک پاکستان، چیف سیکرٹریز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کے اجلاس منگل اور جمعہ کو منعقد ہوں گے تاہم کمیٹی کے سربراہ ضرورت کے مطابق اجلاسوں کی تعداد بڑھا سکتے ہیں۔