افغانستان سے لائی گئی 20 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ایک ٹن چرس برآمد
کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب دس وہیلر ٹرک کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان کچھ فاصلے پر ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگئے برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹمز اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ، ترجمان
کراچی (سٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان لائی گئی چرس کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔ کراچی کسٹمز ہاؤس سے جاری کی گئیں تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی نگرانی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والی مال بردار گاڑیوں کی نگرانی کی ۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ رات کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وہیلر ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو نامعلوم ملزمان تیز رفتاری سے آگے نکل گئے اور تعاقب کرنے پر ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلہ پر چھوڑ کر رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے ۔ترجمان نے بتایا کہ کسٹمز نے ٹرک کو تحویل میں لے کر تلاشی لی تو اس میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے اعلیٰ قسم کی تقریباً ایک ٹن چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹمز اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔