10ممالک میں 166پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس کلیئر
یوا ے ای ، ترکی ، ملائشیا ، بحرین ، قطر ، کویت اور دیگر ان ملکوں میں شامل 4پائلٹوں کے بارے رپورٹ 7دنوں میں مرتب کی جائیگی:سول ایوی ایشن
اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزرپورٹر،سٹاف رپورٹر) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو متحدہ عرب امارات ، ترکی ، ملائشیا ، ویتنام ، بحرین ، ایتھوپیا ، ہانگ کانگ ، عمان ، قطر ، کویت 10 ممالک سے 176 پاکستانی پائلٹوں کی اسناد کی توثیق کے لئے درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 166 پائلٹوں کی اسناد کی توثیق کر دی گئی جبکہ بقیہ 10 کے حوالے سے تصدیق کا عمل آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا ،سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے قطر ایئرویز میں تعینات 39 میں سے 35 پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس کلیئر قراردیدیئے ،لائسنسز کی تصدیقی فہرست سول ایوی ایشن اتھارٹی قطر کو فیکس کردی گئی،سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے مطابق 4پائلٹوں کے لائسنس کے حوالے سے رپورٹ آئندہ 7 دنوں میں مرتب کی جائے گی،ترجمان سول ایوی ایشن عبد الستار کھوکھر کے بیان کے مطابق بورڈ آف انکوائری نے کل 262 پائلٹوں کے لائسنس مشکوک ہونے کی نشاندہی کی تھی جس کے نتیجے میں ان تمام پائلٹوں کو فوری طور پرگراؤنڈ کردیا گیا ، وفاقی کابینہ نے بھی ان 262 پائلٹوں میں سے 28 کے لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دی جس کے تحت ان کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے ، یہ پائلٹ اب کسی بھی قسم کی اڑان نہیں بھر سکیں گے ۔