بچیاں سکول نہ بھیجنے پر والدین کو جیل بھجوانے کا قانون بنناچاہیے :سراج الحق

بچیاں سکول نہ بھیجنے پر والدین کو جیل بھجوانے کا قانون بنناچاہیے :سراج الحق

موروثی جائیداد میں بہن کا حصہ نہ دینے والوں کو قانون میں ترمیم کر کے الیکشن کیلئے نااہل قراردیا جائے بچوں ، بچیوں کیساتھ درندگی کے واقعات میں اضافہ حکومت کیلئے چیلنج:خطاب،ملائشین سفارتخانے کا دورہ

اسلام آباد،لاہور( سٹی رپورٹر،سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا منشور ہے بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی برابر تعلیمی سہولیات ملیں،آئندہ قانون سازی ہونی چاہیے کہ جو والدین بچیوں کو سکول نہ بھیجیں ان کو جیل بھیجا جائے ،الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کے قانون میں ترمیم کرے ،ایسے لوگوں کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے جو اپنی موروثی جائیداد میں بہن کا حصہ نہیں دیتے ،خواتین کو میراث سے محروم کرنا بہت بڑا جرم ہے ،اسلام نے عورت کو مرد کے مقابلے میں زیادہ عزت دی ہے ،مغرب کے پراپیگنڈے نے اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کیا،ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اسلام آباد میں حجاب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سیمینار سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں ملائشین سفارتخانے کا دورہ کیا اور ملائشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم سے ملاقات کی ،سراج الحق نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط اور جرأت مندانہ موقف اختیار اور کشمیر کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنے پر ملائشیا کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور افغان مسئلے کے حل کیلئے بھی ملائشیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں