جہانگیر ترین کو ارکان اسمبلی توڑنے کیلئے بلایاگیا:رانا ثنا اللہ
نیب نے میرا جعلی بینک اکائونٹ کھلوانے اور ٹرانزیکشن کی کوشش کی احتساب بیورو میں پیشی پر گفتگو، ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ، تحریری جواب جمع
لاہور (نمائندہ دنیا)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا نیب نے میرا جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے جبکہ پہلے سے موجود اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشن کی کوشش کی لیکن شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا، جہانگیر ترین کی وطن واپسی ڈیل ہے ، انہیں ایم پی اے اور ایم این اے توڑنے کیلئے بلایا گیا، سی سی پی او کریز سے باہر نکل کر نہ کھیلیں ،عوام کو کووڈ 19 سے زیادہ کووڈ 18 سے خطرہ ہے وہ گزشتہ روز نیب میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب پیشی کے موقع پر تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ،ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ نے وکلا کی جانب سے تیار کردہ تحریری جواب نیب میں جمع کرادیا ،پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہاتمام اثاثے ڈیکلیئر ہیں، نیب میرے کوئی خفیہ اثاثے نہیں ڈھونڈ سکا، 10 سال پہلے جو جائیداد خریدی تھی ظاہر ہے اب اس کی قیمت میں اضافہ ہو گا،میر ے تمام اثاثے ، بینک اکائونٹس فریز ہیں، ریکارڈ بھی نہیں مل رہا جو یاد تھا بتا دیا ،نیب کو کہا ہے کہ آئندہ طلبی کی تاریخ 13دسمبر کے بعد رکھی جائے ،حکومت ہمیں جلسے سے روکنا چاہتی ہے ۔