درختوں کی کٹائی میں ملوث بلڈرز کے خلاف کارروائی کی جائے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

درختوں کی کٹائی میں ملوث بلڈرز کے خلاف کارروائی کی جائے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

رہائشی کالونیوں کے قیام کے نام پر درختوں کی کٹائی بند کرائی جائے ، ماحول کو آلودہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی محکمہ اوقاف قلعہ کہنہ قاسم باغ پر واقع مزارات کی مرمت کا پلان تیار کرے :جسٹس محمد قاسم کی اجلاس میں ہدایت

ملتان (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان نے کہا ہے کہ رہائشی کالونیوں کے قیام کے نام پر درختوں کی کٹائی کا سلسلہ بند کرایا جائے ،درختوں کی کٹائی میں ملوث بلڈرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ،ہر ایک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آنیوالی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول دے کر جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں منعقد اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ کسی فرد کو قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملتان شہر میں بھی آم کے درخت لگائے جائیں،شاہ شمس پارک کو محکمہ اوقاف کی طرف سے دی گئی46 کنال اراضی پر پودے لگائے جائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ دمدمہ پر فیملی ریسٹورنٹ بنایا جائے ،بی بی پاک دامن کے مزار کو اصل حالت میں بحال کیا جائے ،ملتان کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے پراجیکٹس پر کام تیز کیا جائے ،محکمہ اوقاف قلعہ کہنہ قاسم باغ پر واقع مزارات کی مرمت کا پلان تیار کرے ،ایم ڈبلیو ایم سی شہر کی صفائی میں مزید بہتری لانے کے لئے حکمت عملی تیار کرے ،ایم ڈی اے شہر کے داخلی دروازوں پر کام جلد مکمل کرے ،واسا شہر میں غیر قانونی واٹرسپلائی کنکشن منقطع کرنے کے لئے آپریشن تیز کرے ، ملتان شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کے لئے مہم کو مسلسل جاری رکھا جائے ۔اجلاس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے گزشتہ دورہ ملتان کے موقع پر جاری کردہ احکامات پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال، جسٹس شاہد بلال حسن بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان نے احکامات پر عملدر آمد کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں