ریلوے میں سزا وجزا کا سسٹم لائیں گے ، اعظم سواتی

ریلوے میں سزا وجزا کا سسٹم لائیں گے ، اعظم سواتی

بزنس ماڈل پرچلانا چاہتے ہیں،1 انچ اراضی بھی نہیں بیچی جائے گی ، گفتگو اوورٹائم کا غلط استعمال بند کیاجائے ، وزیرریلوے کی ہدایت، مراسلہ جاری

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ، دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے میں جزا اور سزا کا سسٹم لائیں گے ، ریلوے کو بزنس ماڈل پر چلانا چاہتے ہیں، ہمارا مقصد ریلوے کو کامیاب بنانا ہونا چاہیے ۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے زیر صدارت جمعرات کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اجلاس کا انعقاد ہو ا۔ترجمان ریلوے کے مطابق اجلاس کے ایجنڈا میں ریلوے فریٹ ریونیو کو اگلے 3 ماہ میں 25 فیصد بڑھانے کی حکمت عملی کیساتھ ساتھ ڈویژنل افسروں، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک، مکینیکل، انفراسٹرکچر، سی او پی ایس، ڈائریکٹر آئی ٹی اور چیف مکینیکل انجینئرز کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے ۔ وفاقی وزیر کو مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ لاہور کے سہ روزہ سرکاری دورے پر اعلیٰ سطح کے اہم اجلاس تین دن تک جاری رہیں گے ۔ وزیر ریلوے نے کہا اپنے مزدور اور افسر کو بہترین سہولیات کی فراہمی تبھی ممکن ہو گی جب ہم ریونیو بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا ریلوے کی ایک انچ زمین نہ بیچنی ہے نہ کسی کو دینی ہے ، ریلوے کے لیے اس زمین کی ڈویلپمنٹ کریں گے ۔ انہوں نے کہا میں خود افسروں کی کارکردگی کو دیکھ رہا ہوں اورریلوے میں میرٹ پر تعیناتیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے افسروں کو کہاکہ آپ کے پاس ریلوے کو بہتر کرنے کا کوئی پلان یا تجویز ہو براہ راست میرے ای میل پر بھیجیں۔ بعد ازاں وزیر ریلوے نے محکمہ میں اوور ٹائم کا غلط استعمال فوری بند کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف ایگزیکٹو کو جاری مراسلے میں کہا کہ جو ورکر انتظامیہ کی ڈیمانڈ کے مطابق کام کرتے ہیں انہیں اوور ٹائم کے ساتھ ریوارڈ بھی ملنا چاہئے ، اوور ٹائم افسر، سپروائزریا ٹائم کیپر کو رشوت اور کمیشن دیئے بغیر ملناچاہئے ، بغیرکام کئے اوور ٹائم لینے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ، ورکرز ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں تاکہ خسارے کا شکار رہنے والے محکمے کو کامیابی کا نشان بنایا جاسکے ، کارکن کے اوور ٹائم کی ادائیگی میں تاخیر کے ذمہ دار افسر کے خلاف کارروائی ہو گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں