کورونا: 105 جاں بحق، صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ آج اور کل بند
5312 نئے مریض، مزید 2390 صحت یاب، فعال کیسز 69 ہزارسے زائد، 4 ہزار کی حالت تشویشناک ، پنجاب میں مزید 58 جاں بحق، پختونخوا میں3 ڈاکٹر دم توڑ گئے ،لاہور کے 83 فیصد سے زائد وینٹی لیٹرز مصروف
لاہور،اسلام آباد(ہیلتھ رپورٹر،اکنامک رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )ملک میں کورونا وائرس سے مزید 105افراد جاں بحق ہو گئے اور 5 ہزار 312 نئے مریضوں کی تصدیق کی ہے ، جبکہ حکومتی احکامات کے مطابق صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ آج اور کل بند رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 710829 ہوگئی ہے اور فعال کیسز 69 ہزار 811 ہیں جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ تاہم ایک دن میں مزید 2 ہزار 390 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 625789ہوگئی ہے ۔ ادھر ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس کے 2711 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 243295 ہو گئی اور لاہورمیں 1347 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ، جبکہ پنجاب میں مزید 58 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں کوروناسے ایک ہی دن میں تین ڈاکٹرزندگی کی بازی ہارگئے ، جن میں ڈاکٹر شاہی روم خان، چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر حکیم شاہ اور ڈاکٹر امیر سلطان شامل ہیں۔ ادھر لاہور میں آئی جی آفس میں تعینات 2ڈی آئی جیز شہزادہ سلطان اور شارق کمال کورونا کا شکار ہو گئے جبکہ 4 پراسیکیوٹرز بھی بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں ، ان میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حافظ محمد ریاض،مہذب علی بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 83.59 فیصد تک جبکہ آکسیجن بیڈز 72.10 فیصد تک بھر گئے ہیں ۔ شہر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 1201 مریض زیرِ علاج ہیں ، جن میں سے 208 وینٹی لیٹرز پر ہیں اور 330 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں جبکہ 663مریض آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔دریں اثنا کیسز بڑھنے پر لاہور کے علاقہ اقبال ٹائون کے کامران بلاک اور سیالکوٹ کے مزید 14علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں پنجاب بھر سے دوسرے صوبوں میں آنے اور جانیوالی پبلک ٹرانسپورٹ آج سے 2 روز کیلئے بند رہے گی ۔ حکومت کی جانب سے 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کا اطلاق آج سے شروع ہو گا۔