کراچی ضمنی الیکشن : دوبارہ گنتی ایک دلچسپ موڑ

کراچی ضمنی الیکشن : دوبارہ گنتی ایک دلچسپ موڑ

ہم نے الیکشن کی رات ہی کہا تھا نتائج میں فرق آرہا ہے ، احسن اقبال ریاستی اداروں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے ، دنیاکامران خان کیساتھ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 249 میں ضمنی الیکشن کا دلچسپ موڑ آگیا ۔الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ۔بڑا انکشاف ہوا ہے ،167 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج پر پریذائیڈنگ افسروں کے دستخط ہی نہیں تھے ، پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ ’’کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ مفتاح اسما عیل کو کامیابی کا یقین ہے ،ن لیگ شاید کامیابی پیپلز پارٹی کے حلق سے کھینچ لے ؟ دوسری جانب خوشاب میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر ن لیگ کا امتحان ہے ،ن لیگ اپنی نشست بچاسکتی ہے یا نہیں ؟ آج کا ضمنی الیکشن اہم ہے ۔یہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کا بھی امتحان ہے ۔مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسرکی ناکامی کے باعث معاملہ خراب ہوا، دوبارہ گنتی ہوگی توحقائق کاپتاچلے گا،انتظامی،ریاستی اداروں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے ، افسروں کی نااہلی پر الیکشن کمیشن مثالی سزا دے ،ہم نے الیکشن کی رات ہی کہا تھا نتائج میں فرق آرہا ہے ،کئی پولنگ سٹیشنز پرفارم45کی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔ان کا کہنا تھا ہرقسم کی اصلاحات کے حق میں ہیں ،حکومت اپنی تجاویزالیکشن کمیشن کے ساتھ شیئرکرے ،الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کواتفاق رائے کے لیے بلائے ۔تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا ہے کہ کیا عثمان بزدار نے پنجاب میں ایسا کچھ کیا ہے جس کی بنیاد پر عوام ان کو ووٹ دیں ،میرے خیال میں ایسا کچھ نظر نہیں آتا جو ووٹرز کو متاثر کرسکے ،اس حلقے میں پی ٹی آئی نے ٹکٹ بھی تبدیل کیا ہے ،پہلے کسی اور تو پھر کسی اور کو دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں