ممتاز فنکار فاروق قیصر عرف انکل سرگم کا انتقال ،سپرد خاک

ممتاز فنکار فاروق قیصر عرف انکل سرگم کا انتقال ،سپرد خاک

وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے ، انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑیں 1970 میں فنی زندگی کا آغاز کیا ، صدر ،وزیراعظم و دیگر کا وفات پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد (سٹی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )معروف فنکار فاروق قیصر عرف ‘انکل سرگم’اسلام آباد میں انتقال کر گئے ۔فاروق قیصر نے اپنے مشہور کردار انکل سرگم سے معاشرتی مسائل اجاگر کیے ، وہ 1976ء سے پی ٹی وی کے ساتھ منسلک تھے ، مر حوم عارضہ قلب میں مبتلا تھے ۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑیں ۔فاروق قیصر 13 اکتوبر 1945ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ۔ والد کی سرکاری نوکری کی وجہ سے یہ پاکستان کے مختلف شہروں میں گھومتے رہے اور ان کا تعلیمی سفر بھی مختلف شہروں میں تکمیل تک پہنچا یعنی میٹرک پشاور سے ، ایف اے کوئٹہ سے اور گریجو ایشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کی جبکہ فائن آرٹس میں ماسٹرز انہوں نے رومانیہ سے کیاجبکہ 1999ء میں کیلیفورنیا امریکا سے ماس کمیونی کیشن میں بھی ماسٹرز کیا ۔فاروق قیصر نے 70 کے اوائل میں فنی زندگی کا آغاز کیا۔ وہ اپنی کامکس کتابوں کی وجہ سے مشہور ہیں، انکی بنیادی وجہ شہرت انکا افسانوی کردار انکل سرگم بنا جو پہلی بار 1976 میں بچوں کے اردو زبان کے پروگرام کلیاں میں ادا کیا گیا۔فاروق قیصر کی نماز جنازہ ایچ 11 قبرستا ن اسلام آباد میں ہفتہ کو ادا کی گئی ۔ نماز جناز ہ میں اداکار مسعود خواجہ، بابر نیازی ،سلیم رضا، انجم حبیبی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے فاروق قیصر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔شاہ محمود قریشی نے فاروق قیصر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ، انہوں نے کہا فاروق قیصر ایک انتہائی منجھے ہوئے فنکار تھے ،مرحوم نے اپنے کارٹونز کے ذریعے ہمیشہ معاشرتی ناہمواریوں کی جانب عوام کی توجہ مبذول کروا ئی ،فاروق قیصر کے انتقال سے شعبہ علم و ادب اور صحافت، ایک سلجھے ہوئے مزا ح نگار اور منجھے ہوئے فنکار سے محروم ہو گیا ،وزیر خارجہ نے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...