جوڈیشل کمیشن جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی منظوری

جوڈیشل کمیشن جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی منظوری

چیف جسٹس کی سربراہی میں اجلاس، معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو ارسال جسٹس امیر 2011میں جج بنے ،سول، فوجداری،ٹیکس قوانین پرعبور حاصل

لاہور،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،سپیشل رپورٹر)جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی بنانے کی منظوری دیتے ہوئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو ارسال کر دیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جائزہ لینے کے بعد جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعینات کرنے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو ارسال کردیا ۔ جسٹس امیر بھٹی لاہور ہائیکورٹ کے 51ویں چیف جسٹس ہوں گے ۔ انہیں سول، فوجداری و آئینی، ٹیکس، الیکشن، سیٹلمنٹ اور سروس کے قوانین پر عبور حاصل ہے ۔ وہ 8 مارچ 1962کو بوریوالا میں پیدا ہوئے ،ابتدائی تعلیم ملتان سے حاصل کی اور 1985 میں بہائوالدین زکریا یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری حاصل کی، ا ن کی 1986 میں بطور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ انرولمنٹ ہوئی ، وہ 1999 میں سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملتان منتخب ہوئے ۔ انہوں نے 2001 میں سپریم کورٹ میں وکالت کا آغاز کیا، 12 مئی 2011 کو جسٹس امیر بھٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر عہدے کا حلف اٹھایا، وہ امریکن بار ایسوسی ایشن، انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن لندن کے عہدے پر بھی فائز رہے ،وہ مختلف اداروں میں بطور لیگل ایڈوائزر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمد قاسم خان 5جولائی کو عہدے سے ریٹائرہوجائیں گے ۔جسٹس امیر بھٹی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عہدے کا حلف 6جولائی کو اٹھائیں گے اور 7 مارچ 2024 تک بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ فرائض سر انجام دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں