پرویز الٰہی سے سیاسی شخصیات کی ملاقات ، ق لیگ میں شامل
تمام جماعتوں کی مہربانی کہ سینیٹ الیکشن میں میری بات مان لی، سپیکر پرویزالٰہی کی کاوشوں سے پہلی بار الیکشن میں کسی کا ریٹ نہیں لگا، طارق بشیر
لاہور( سیاسی رپورٹر سے )سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے این اے 163 وہاڑی کی سیاسی شخصیات ایوب بندیشہ، زاہد بندیشہ، اویس بندیشہ اور پیر یعقوب کھگہ نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے حوصلہ اور برداشت کی سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، ہماری پارٹی کے دروازے ہر محب وطن کیلئے کھلے ہیں، ہر جماعت کی اپنی اپنی سیاست اور مقصد ہوتا ہے ، ہماری سیاست کا مقصد پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے ۔پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام جماعتوں کی مہربانی ہے کہ سینیٹ الیکشن میں انہوں نے میری بات مان لی اور رزلٹ سب کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کا پنجاب اسمبلی کی کارروائی میں احسن انداز میں حصہ لینے اور بھرپور تعاون کرنے پر مشکور ہوں۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پرویزالٰہی کی کاوشوں سے پہلی بار سینیٹ الیکشن میں پنجاب میں کسی کا ریٹ نہیں لگا، اللہ کا شکر ہے کہ ہر جماعت کو اس کا حق ملا۔ ایوب بندیشہ نے کہا کہ پرویزالٰہی کے عوامی خدمت کے جذبے سے متاثر ہو کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔