کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموشی توڑے :شجاعت

کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموشی توڑے :شجاعت

جلد کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو گی ، بھارت مذموم مقاصد میں ناکام ہو گا ، کورونا سے نجات کیلئے سجدہ ریز ہو کر دعا مانگنی چاہئے ، پرویز الٰہی ، عید پر پیغام

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت ، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ، اس وبا سے نجات اور اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر دعا مانگنی چاہئے اور سب کو ویکسین لگوانی چاہئے ۔ شجاعت نے کہا کہ عالمی برادری کو اس مہلک مرض سے نجات کیلئے ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دینا چاہئے ، انسانیت کا تقاضا یہی ہے کہ اس مشکل وقت میں سب انسان اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام باالخصوص اپنے کشمیری بھائیوں کیلئے خصوصی دعا کریں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے ، بھارتی فوج انسانیت کو روند رہی ہے ، عالمی برادری کیوں خاموش ہے اسے اپنی یہ خاموشی توڑنا ہو گی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنا ہوگی تاکہ کورونا جیسے موذی مرض سے نجات ملے ، کورونا کی تباہ کاریوں نے عالمی سطح پر تمام ممالک کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر چلنا ہو گا، قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیاں آج ہم سے ایک بار پھر متحد ہونے کا تقاضا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ملک کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھا ہوا ہے اور ہر مشکل وقت میں افواج پاکستان نے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ظالمانہ حرکات سے باز آئے ، بے گناہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انشاء اللہ بہت جلد کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو گی اور بھارت اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پاک بھارت تعلقات مستحکم نہیں ہو سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں