پٹرول 1.71 فی لٹر اور ایل پی جی 10 روپے کلو مہنگی
پٹرول 119.80روپے لٹر ہوگیا،مٹی کا تیل 35پیسے مہنگا، ایل پی جی کی قیمت 180روپے فی کلو ہوگئی ، ڈیزل مہنگا کر نے کی سمری مسترد کر دی ، 140ممالک میں پٹرولیم قیمتیں پاکستان سے زیادہ ہیں:شہباز گل
اسلام آباد،لاہور (وقا ئع نگارخصوصی،اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اگلے 15 دن کیلئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے لٹر اضافے کا اعلان کیا ہے تاہم ہائی سپیڈ اور لائٹ ڈیزل کے نرخوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا جبکہ مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک بار پھر اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کلو اضافہ کردیا ۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی لٹر اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا اوگرا کی سفارش پر پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ان کا کہنا تھا ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے ۔شہباز گل نے بتایا قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ معاون خصوصی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ کے مطابق پٹرول کی ایک روپے 71 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 119 روپے 80پیسے لٹر ہوگی۔ان کا کہنا تھا ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسے پر برقرار ہے ۔شہباز گل کی ٹویٹ کردہ نئی قیمتوں کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے لٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔اپنی ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا 26 جولائی کے اعدادو شمار کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے ، دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لٹر ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا۔خیال رہے وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے حوالہ سے اوگرا سفارشات پٹرولیم ڈویژن کو موصول ہوئی تھیں ۔وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 27پیسے فی لٹر کمی تجویز کی گئی تھی جبکہ دیگر پڑولیم مصنوعات میں اضافہ تجویز کیاگیا ہے ۔ پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ71پیسے فی لٹر ،مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 24 پیسے اضافے کی تجویز تھی ۔دوسری طرف مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں10 روپے فی کلو اضافہ کردیا جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 180 روپے فی کلو ہوگئی۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 2110روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 8080روپے تک پہنچ گئی۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں ایل پی جی 200روپے فی کلو میں فروخت ہو گی۔