چوہنگ : کار ٹرک سے ٹکرا گئی، ایک خاندان کے 3افراد جاں بحق

چوہنگ : کار ٹرک سے ٹکرا گئی، ایک خاندان کے 3افراد جاں بحق

مرنے والوں میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل، شیخوپورہ سے فوتیدگی پر رائیونڈ آئے تھے ،خاتون زخمی ، ڈیفنس میں تیز رفتار کار نے گھر کے باہر کھیلتی 8سالہ گھریلو ملازمہ بچی کو کچل دیا ، ڈرائیور گاڑی سمیت فرار

لاہور(خبر نگار سے ،ایجوکیشن رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں تیز رفتار کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی 2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 1خاتون شدید زخمی ہو گئی ۔ چوہنگ کے علاقہ عبدالستار ایدھی روڈ کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 28 سالہ جمشید ، 50 سالہ فائزہ اور50سالہ رابعہ موقع پر جاں بحق جبکہ 40سالہ سمیرا شدید زخمی ہو گئی جسے فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں جو لاشیں لے کر آبائی گائوں روانہ ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا۔حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو شیخوپورہ کے رہائشی تھے ۔بدقسمت خاندان رائیونڈ میں ایک فوتیدگی میں شرکت کے لئے شیخوپورہ سے آیا تھا۔دریں اثناء ڈیفنس میں تیز رفتار کار نے گھر کے باہر کھیلتی 8سالہ بچی سونیا کو کچل دیا ۔ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے بچی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ سونیا اپنی فیملی کے ساتھ گھریلو ملازمہ تھی۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے بچی کے والد بنیامین کی درخواست پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا پولیس کے مطابق ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں