انتخابی اصلاحات میں رکاوٹیں ڈالناخدمت نہیں : چودھری سرور

انتخابی اصلاحات میں رکاوٹیں ڈالناخدمت نہیں : چودھری سرور

سیاست کر نا اپوزیشن کا جمہوری حق ہمیں ان سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ، ہم اداروں سے ٹکرائو نہیں ان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ ہم اداروں سے ٹکرائو نہیں ان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان کی مضبوطی ہے ۔ملک میں جمہوریت اور پار لیمنٹ کو مضبوط کر نے کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں ۔کامیاب پاکستان پروگرام سے 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا۔وہ منگل کے روز بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے گورنر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں سیاسی مخالفین کا رکاوٹیں ڈالنا کسی بھی صورت جمہوریت کی خدمت نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ جمہوریت اور ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مل بیٹھے تاکہ انتخابی اصلاحات کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست کر نا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ہمیں ان سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کا مینڈ یٹ دیا ہے انشا اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی اور عام انتخابات 2023میں ہی ہوں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ احتجاج کی دھمکیاں دینے کے بجائے آئندہ عام انتخابات کا انتظار کر ے پھر عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کر ینگے کہ وہ کس کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں