فلورملزنے گندم اجرا پالیسی مسترد کردی

فلورملزنے گندم اجرا پالیسی مسترد کردی

پاپولیشن بیسڈ گندم کے اجرا کی پالیسی سے ملز کے اخراجات میں اضافہ ہوگا ، ہنگامی اجلاس آج طلب ، ہڑتال سمیت دیگر تجاویز زیر غور لائی جائینگی،چیئرمین

لاہور(عمران اکبر)محکمہ خوراک کی گندم ریلیز پالیسی کے چار پوائنٹس پرشدید تحفظات کی وجہ سے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کی گندم اجرا پالیسی مسترد کردی۔شہر میں 20کلو آٹے کا تھیلا 12سو 40روپے پر پہنچ گیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا ۔ہڑتال کے ساتھ دیگر تجاویز زیر غور لائی جائیں گی۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عاصم رضا احمد نے کہا کہ گندم کی گرائنڈنگ کے حوالے سے طے شدہ چارجز میں سے 200 روپے کم کردئیے گئے ،محکمہ خوراک نے غلطی سے کیاہے یا جان بوجھ کر اسکا جواب اسے ہی دینا ہے ۔ 600 روپے گرائنڈنگ چارجز کم کرکے 400 روپے کردیے گئے ۔ انھوں نے کہا سہولت بازار میں آٹے کی سپلائی کے لیے 600 روپے دیے جارہے ہیں۔ پاپولیشن بیسڈ اجرا کی پالیسی سے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ مجوزہ پالیسی کے تحت بارہ رولرز باڈیز تک کی فلور ملز کو 50 سے 60 بوری گندم فراہم کی جا سکے گی، پاپولیشن بیسڈ فارمولہ کے تحت گندم کے اجرا سے فلورملز کی گرائنڈنگ محض 15 سے 20 منٹ تک محدود ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا گرائنڈنگ کی کیلکولیشن یومیہ 8 گھنٹے کے حساب سے کی جاتی ہے ۔ فلور ملز ایسوسی ایشن ، پاپولیشن بیسڈ گندم اجراکی پالیسی کو مسترد کرتی ہے ، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔ عاصم رضا احمد نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مداخلت کریں تاکہ معاملے کو حل کیاجاسکے ۔ گندم اجراکی پالیسی میں تفرقات نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ یہ پورے پاکستان کی انڈسٹری ہے ، 80 فیصد ریشو کے ساتھ آٹا تیاری کی سٹریٹجی مرتب کی گئی۔ زیادہ تر عوام وائٹ آٹا کھاتی ہے ،قبل ازیں یہ تناسب 65 فیصد بڑھا دیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ اگر حکومت 1874 روپے کی فی من گندم فراہم کرے تو 20 کلو تھیلے کا ریٹ 1100 روپے تک ملے گا،حکومت گندم 1950 روپے فی من فراہم کرے گی تو 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 1147 روپے تک پہنچ جائے گی ۔اوپن مارکیٹ میں موجودہ صورتحال کے مطابق20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1240روپے تک پہنچ گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں