اصلاحات کمیٹی:فضل الرحمن کا احتجاج،حصہ بننے سے انکار

 اصلاحات کمیٹی:فضل الرحمن کا احتجاج،حصہ بننے سے انکار

عباسی کو فون ،شدید احتجاج ، اعتماد میں نہ لئے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا

اسلام آباد (طارق عزیز) انتخابی اصلاحات پر قائم ہونے والی پارلیمانی کمیٹی متنازعہ ہو گئی، جے یو آئی کا کمیٹی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ ، مولانا فضل الرحمان کا ن لیگ سے شدید احتجاج، اعتماد میں نہ لئے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونا چاہئے تھا، ذرائع کے مطابق فضل الرحمان نے شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون پر کمیٹی کے قیام کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کیا جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کو لیڈ کر رہے ہیں اور اتنے اہم فیصلے بارے اتحادی جماعت جے یو آئی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ لندن فون کر کے نواز شریف سے بھی شکوہ کریں گے ۔ جے یو آئی ذرائع نے بتایا کہ شاہد اختر علی کو کسی اور کمیٹی کے لئے سپیکر آفس میں بلایا گیا اور وہاں پر انتخابی اصلاحات پر کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ جے یو آئی خاتون رکن اسمبلی کو مذکورہ کمیٹی کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ جے یو آئی سربراہ نے اپنی جماعت کے ارکان کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت سے منع کر دیا ۔انھوں نے کہا کہ جن اداروں پر الیکشن چوری کا الزام ہے پھر ان اداروں سے مذاکرات اور کمیٹی اجلاسوں میں شرکت ہمارے بنیادی موقف کی نفی ہو گی۔ جے یو آئی سربرا ہ آج یا کل فون پر بھی نواز شریف سے رابطہ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ اس طرحٖ پارلیمنٹ کے اندر متحدہ اپوزیشن کا وجود بھی خطرے میں پڑ گیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں