قوم ڈاکٹر قدیر کی احسان مند، خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا : سیاسی وعسکری قیادت

قوم ڈاکٹر قدیر کی احسان مند، خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا : سیاسی وعسکری قیادت

ملکی تحفظ کیلئے ایٹمی ہتھیار بنانے میں بے مثال مدد کی:صدر ،وزیراعظم ، دفاع کیلئے گرانقدر خدمات ہیں:آرمی چیف ، عظیم مسلم سائنسدان تھے :شہباز،بلاول ،شیخ رشید، فواد،فضل الرحمن،شجاعت ، ظہیر بابر و دیگر کا اظہار افسوس

اسلام آ باد (نامہ نگار،سیاسی رپورٹر، سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر،وقائع نگار)ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ڈاکٹر عبدالقدیر کی احسان مند ہے ،ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تمام سروسز چیفس ، گورنرز، وزرائے اعلٰی ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو ، مولانا فضل الرحمان،چودھری شجاعت،پرویزالٰہی ،حمزہ شہباز ، وفاقی وزرانے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر کہا کہ محسن پاکستان کی وفات پر گہرا دکھ ہے ۔ میں ان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا ہوں ، انہوں نے قوم کے تحفظ کیلئے ایٹمی ہتھیار بنانے میں ہماری بے مثال مدد کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بطور احسان مند قوم ہم اس حوالے سے ان کی خدمات کو بھلا نہیں سکتے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے ۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا کہ دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،سپیکراسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو قوم ہمیشہ محسن پاکستان اور قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھے گی اور ان کے احسانات کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے ، پاکستان کیلئے ان کی ان گنت خدمات ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں مرحوم نے کلیدی کردار ادا کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محسن پاکستان کی رحلت کی خبر پر پوری قوم غمزدہ ہے ۔ انتھک محنت اور لگن کے جذبے سے سرشار ہوکر ہماری دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا ۔ سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پاکستان کے لیے ایٹمی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ،قومی ہیروکی خدمات کی وجہ سے ہندوستان پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا بچھڑنا ملک کے لئے بڑا نقصان ہے ، آج پاکستانی قوم سچی اور مخلص شخصیت سے محروم ہو گئی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ انتقال پر ہر پاکستانی سوگوار ہے ، انہوں نے ملک کے جوہری پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ڈاکٹر قدیر کی خدمات بہت بڑی ہیں۔ چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عظیم سائنسدان اور مخلص پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان کو جوہری طاقت بنایا۔ وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر قدیر کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی رحلت کا سن کر نہایت دکھ ہوا، ملک کیلئے انھوں نے قابل قدر خدمات انجام دیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کا احسان اور قرض اس ملک کا بچہ بچہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت بلاشبہ ایک بڑا نقصان ہے ۔ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ وزیر تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہاکہ پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم عظیم مسلم سائنسدان اور قومی ہیرو سے محروم ہو گئی۔ صدر پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی افتخار محمد چودھری نے کہا کہ پاکستان اپنے محسن سے محروم ہو گیا ۔ معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائے گا۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی ملک اور قوم کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران خان بنگش نے کہا کہ ایسے محب وطن قابل سائنسدان صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں ۔ قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر پاکستان کے سچے ہیرو ہیں۔ اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں