آٹا تھیلا 1500 روپے تک بڑھنے کا نوٹس ، صوبے فلورملوں سے مذاکرات کریں : پرائس کمیٹی

آٹا تھیلا 1500 روپے تک بڑھنے کا نوٹس ، صوبے فلورملوں سے مذاکرات کریں : پرائس کمیٹی

سندھ،بلوچستان،پختونخواوفاقی حکومت کے مقررکردہ نرخ پرگندم کی ریلیزیقینی بنائیں،وفاقی وزیرفوڈ سکیورٹی کی ہدایت ، وافرمقدارمیں گندم کاسٹاک موجود:سیکرٹری خوراک،شادی ہالزکھلنے پرمرغی کی قیمت میں اضافہ ہوا:اجلاس کو بریفنگ

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے ملک بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1300سے 1500روپے تک بڑھنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چاروں صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی قیمت کم کروانے کیلئے فلور ملوں سے مذاکرات کئے جائیں۔ وفاقی وزیر تحفظ خوراک سید فخر امام کی زیر صدارت پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 20 کلو کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے جبکہ سندھ میں 1465 روپے سے زائد ہوگئی ہے ۔ کمیٹی نے اسلام آباد اور پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر گندم ریلیز کرنے کا عمل سراہا۔ وفاقی وزیر نے سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کے مقرر کردہ نرخ پر گندم کی ریلیز کو یقینی بنائیں۔ سیکرٹری خوراک نے بتایا صوبوں اور پاسکو کے پاس اس وقت وافر مقدار میں گندم کا سٹاک موجود ہے ۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ سندھ کے کچھ اضلاع میں گنے کی کرشنگ 25 اکتوبر سے شروع ہوجائے گی۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ پنجاب میں گنے کی کرشنگ نومبر کے اوائل سے شروع کی جائے ، اس سال گنے کی پیداوار پچھلے سال کی نسبت زیادہ ہوگی، سہولت بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر درآمد کی گئی چینی 90 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے بند ریسٹورنٹس اور شادی ہالز دوبارہ کھلنے کے بعد مرغی کی ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، اگلے چند ہفتوں میں سپلائی میں بہتری آنے سے قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ ایف بی آر خوردنی تیل کی درآمد پر ڈیوٹی کم کرنے پر غور کررہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں