سٹاک مارکیٹ: 661پوائنٹس کی مندی،104ارب خسارہ

سٹاک مارکیٹ: 661پوائنٹس کی مندی،104ارب خسارہ

سیاسی بے یقینی،آئی ایم ایف شرائط سے سرمایہ کار پریشان،انڈیکس43221پر بند

کراچی (بزنس رپورٹر )سٹاک ایکسچینج بدھ کو بدترین مندی کی لپیٹ میں آگئی، سرمایہ کاروں کو104ارب کا خسارہ ہواجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 76 کھرب سے گھٹ کر75کھرب روپے کی کم سطح پر آگیاجبکہ 80.29فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،تاہم سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اور آئی ایم ایف کی سفارش پر مقامی ایندھن اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو منافع کی خاطر شیئرز کی فروخت پر مجبور کر دیا،کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 661.30پوائنٹس کی کمی سے 43221پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس335.93پوائنٹس کی کمی سے 16881پوائنٹس جبکہ آل شیئرز انڈیکس 30226.40پوائنٹس سے کم ہو کر29850.69پوائنٹس پر بند ہوا ،مجموعی سرمایہ گھٹ کر75کھرب82ارب روپے رہ گیا، 12ارب روپے مالیت کے 35کروڑ49لاکھ64ہزار حصص کے سودے ہوئے ،مجموعی طور پر543کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،436میں کمی اور21 میں استحکام رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں