عمران خان نے قوم کو رلادیا: مریم نواز، اب ہم احتساب کرینگے: فضل الرحمٰن

عمران خان نے قوم کو رلادیا: مریم نواز، اب ہم احتساب کرینگے: فضل الرحمٰن

بجلی،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جاؤ حکمران چور ، سیاسی شہید نہیں بننے دینگے ، جمہوری رویہ اپنایا ہوتاتو ساتھ کھڑے ہوتے :نائب صدر ن لیگ ، دوسروں کو چور کہا، خود تحفے کی گھڑیاں بیچ دیں،قوم میدان میں آئے ،تنہا نہیں چھوڑیں گے :سربراہ پی ڈی ایم،فیصل آباد جلسے سے خطاب

فیصل آباد ،لاہور(سٹاف رپورٹر،اپنے سیاسی رپورٹر سے ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )نے احتجاج کا نیا سلسلہ شروع کرتے ہوئے فیصل آباد میں پاور شو کا اہتمام کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا عمران خان نے قوم کو رلانے کا وعدہ پور اکردیا، مہنگائی کے بعد اب ہر کوئی بددعائیں دے رہا ہے ،اب ہم احتساب کریں گے ، عوام اٹھ کھڑے ہوں حکمرانوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جاتی امرا سے ریلی کی شکل میں فیصل آباد پہنچیں، روانگی کے موقع پر انہوں نے کہا پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام پر بجلی بن کر گرا، ہر کسی کے پاس اے ٹی ایم اور کچن چلانے والے دوست نہیں ہوتے ، حکومت اپنے خلاف خود لانگ مارچ کر رہی ہے ،حکومت کا 9 سال کا پلان ناکام ہوگیا، حکومت کا پتا نہیں آج گئی یا کل گئی، حکومت کا 2021 مکمل کرنا مشکل ہو رہا ہے ، روزانہ دوڑیں لگ رہی ہیں، امریکی ناظم الامور سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی ہے ، مریم نواز ریلی کے ساتھ چودھری شیر علی کے گھر گئیں، کھانا کھایا ، عابد شیر علی کی بیوی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی پھردھوبی گھاٹ میں جلسے کیلئے روانہ ہوئیں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا فیصل آباد والو ! آپ کا بہت بہت شکریہ،رانا ثنااللہ نے منشیات کا جعلی مقدمہ بھگتا، نواز شریف کے شیر جھکے نہ بکے ، نوازشریف پرظلم ہواتوکہامعاملہ اللہ تعالیٰ پرچھوڑتا ہوں،عابدشیرعلی بھی نہیں جھکے ،جب انسان معاملہ اللہ تعالیٰ پرچھوڑتا ہے توپھرایک پیج پرہونے کے باوجود تاریخی ذلت،رسوائی ہوتی ہے ،آج اللہ نے نوازشریف کے مخالفین کوعبرت کا نشان بنایا ہے ،اللہ نے نوازشریف کوسرخرواورظالم کونامراد کردیا،ایک شخص تھا جس کا نام عمران خان تھا،وہ کہتا تھا بجلی،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جاؤ حکمران چور ہے ، نوازشریف دورمیں چینی50 روپے کلو تھی آج120روپے سے زائد ہوچکی ہے ، بجلی 10 روپے یونٹ تھی آج24روپے یونٹ ہوچکی ،پٹرول 70روپے لٹر تھا آج138روپے تک پہنچ گیا ، فیصل آباد والو بتائو اب کون چور ہے ، یہ کہتا تھا میں ان کورلاؤں گا آج پوری قوم کورلادیا،بزرگ،بچے سمیت ہرکوئی عمران کوبد دعائیں دے ر ہا ہے ،نوازشریف نے کہا عوام کی تکلیف پردل خون کے آنسوروتا ہے ،وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں،وزیرکہتے ہیں دوروٹی کی بجائے ایک کھالو،صبرکرو،مہنگائی کرکے ان کوٹھنڈ نہیں پڑی،بڑے بے حس لوگ ہیں ،ساڑھے تین سال کی کارکردگی یہ ہے ،یہ کہتے ہیں اگرپٹرول،ڈیزل مہنگا کردوں تو آپ نے کہیں آنا،جانا نہیں،اگردوائیوں کی قیمتوں میں500فیصد اضافہ کردوں توعلاج نہیں کرانا،پچھلی حکومتیں چورتھیں آپ نے اس سے آگے جانا نہیں،ڈٹ کرجھوٹ بولتے ہوئے میرے وزرا آپ نے شرمانا نہیں،تاریخ کی بدترین کرپشن ہے لیکن آپ نے کسی کوبتانا نہیں،ملک پہلے کورونا کی لپیٹ میں تھا اب ان کی نااہلی کیوجہ سے ڈینگی کا راج ہے ،نوازشریف تمہارے بغیرلوگ رل گئے ہیں،شہبازشریف تمہیں آوازیں دے رہے ہیں،آج ڈینگی کا سپرے کرانے والا کوئی نہیں ہے ،ایک کروڑنوکریوں کا کس نے وعدہ کیا تھا؟فیصل آباد والو جب گھرکا دروازہ کھولتے ہوتوکیا سرپرنوکریاں گرتی ہیں یا نہیں؟ بھاشن دیتا ہے عوام نے گھبرانا نہیں اورسکون صرف قبرمیں ہے ،عمران خان نے 22کروڑعوام کوقبرمیں پہنچانے کی پوری کوشش کی،مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے ،گرمی آتی ہے توبجلی غائب،سردی آتی ہے توگیس غائب،عمران خان کہتے تھے نوازشریف چورہیں،فیصل آباد کوگواہ بنا کرکہتی ہوں وقت نے ثابت کیا نوازشریف،شہبازشریف جیسا کوئی دیانت دارنہیں آیا،پہلے اقامہ،پھرجسٹس شوکت صدیقی کی گواہی پھرارشد ملک نکلا،برطانیہ کی عدالت نے بھی کہہ دیا شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی،ایل این جی میں122ارب کا بڑا ڈاکا مارا گیا،عمران خان اوراے ٹی ایمزنے جان بوجھ کردیرسے ایل این جی مہنگے داموں منگوائی،عوام کے خون پسینے کی کمائی ان کی جیبوں میں گئی،تاریخ کا سب سے بڑا آٹا،چینی،بی آرٹی سکینڈل ہے ،اتنے سکینڈل ہیں گنوائوں تو رات کے بارہ بج جائیں ، عمران خان کی کرپشن کی داستانیں ختم نہیں ہونگی،نیب کے ذریعے انتقام لیا گیا،جب اپنی باری آئی تونیب کا پورا قانون ہی بدل دیا،جومرضی کرلوتم اپنے آپ کواحتساب سے نہیں بچاسکتے ،نوازشریف،شہبازشریف نے تین،تین نسلوں کا حساب دیا،یہ غیرملکیوں سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات نہیں بتارہا،پنڈورا پیپرزمیں تحریک انصاف اول نمبرپرآئی ہے ،کہا گیا اس میں عمران کا نام نہیں ہے ،کبھی سنا ہے چوروں کا سردارایماندارہے ؟مکافات عمل دیکھو،کہتا تھا نوازشریف پرچیاں دیکھ کرپڑھتا ہے ،آج یہ پرچی دیکھ کربھی غلط پڑھتا ہے ،نوازشریف دورمیں دوسرے ممالک کے سربراہان خود پاکستان آتے تھے ،مودی اس کا فون نہیں اٹھاتا اوربائیڈن فون نہیں کرتا،اقوام متحدہ اس لیے نہیں گیا دنیا کا کوئی سربراہ اس سے ملنے کوتیارنہیں تھا،لوگ کہتے ہیں عمران کی عزت اسلام آباد کے میئرسے زیادہ نہیں ہے ،انٹرویومیں جب پوچھا جائے کہ بائیڈن فون نہیں کرتا توشرمندگی سے منہ نیچے کرلیتا ہے ،کہتا تھا نوازشریف نے فوج کوپنجاب پولیس بنادیا ہے ،نوازشریف نے جب بھی سٹینڈ لیا توعوام کی خاطرلیا،نوازشریف کا جب بھی ٹکراؤہوا توپاکستان کے عوام اورووٹ کی عزت کی خاطرہوا،نوازشریف کا سٹینڈ سویلین بالادستی کی خاطرتھا،نوازشریف نے سٹینڈ کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے ،نوازشریف نے اپنی تین حکومتیں گنوادیں،بیٹی کوجیل میں جاتے دیکھا،ایک شخص کو کرسی پر رکھنے کیلئے عمران خان نے ادارے پر خود کش حملہ کیا اور پوری فوج کو دنیا میں تماشا بنا دیا ،ان آفیسرزکا کیا قصورتھا جن کی تقرریاں ہونا تھیں،پوری دنیا میں تم نے ان افسروں کا تماشا بنا کررکھ دیا،ان کوسمجھ نہیں آر ہی چارج رکھنا ہے یا چھوڑنا ہے ،کیا یہی وجہ تھی کہ تمہارا حساب،کتاب ٹھیک نہیں چل رہا،فوج کی تقرریاں فوج نہیں جن،بھوت کررہے ہیں،تقرریاں اس لیے نہیں ہور ہیں کہ فلاں کا نام ع یا ف سے شروع ہوتا ہے عمران خان نے کہیں جمہوری رویہ اپنایا ہوتا تو اس کے ساتھ کھڑے ہوجاتے ،قوم جانتی ہے تم نے اقتدارکی ڈوبتی کشتی کوبچانے کیلئے ایسا کیا،کہتا ہے افغانستان کی وجہ سے تبدیل نہیں کرنا چاہتا،عمران کوپتا ہے وہ شخص ہٹا تودوسرے دن ہی ان کی حکومت منہ کے بل گرجائے گی،نوازشریف کی بصیرت کوسلام ہے ،نوازشریف نے کہا تھا عمران جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے ،تھالی میں کھلانے والوں کوآج ایسا سبق ملا ہے ۔ہاں یہ تقرری وزیراعظم کا اختیار اور استحقاق ہے ، میں حلفایہ کہتی ہوں ،وزیراعظم چننا عوام کا اختیارہے پہلے یہ حق دوپھروہ فیصلہ کریں گے ،عمران خان الیکٹڈ نہیں اگرکہیں جمہوری رویہ اپنایا ہوتا تواس کے ساتھ بھی کھڑے ہوجاتے ،عمران خان کسی بھول میں نہ رہنا کبھی نوازشریف بننے کی کوشش بھی نہ کرنا،سیاسی شہید بننے کی کوشش بھی مت کرنا،عوام تمہاری حکومت کا تیا پانچا کرنے کیلئے تیاربیٹھے ہیں،عوام اپنی بربادی کا حساب لینے کیلئے تیارہیں،فیصل آباد والو اٹھ کھڑے ہوجاؤتقدیربدلنے کا وقت آگیا ہے ،پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیرپختونخوا،آزادکشمیر والو سن لوتقدیربدلنے کا وقت آگیا ہے ۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا احتساب کا ڈرامہ اب ختم ہوچکا ہے ،ہم پاکستان کوانصاف کا گہوارا بنائیں گے ،اب پی ڈی ایم نے تمہارا احتساب شروع کرکے کیفرکردارتک پہنچانا ہے ،غریب عوام پرمہنگائی کے پہاڑتوڑدئیے ہیں،روزانہ کی بنیاد پرقیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ،اگرمعیشت گرجائے توپھرریاست اپنا وجود برقرارنہیں رکھ سکتی،ایک بارپھردنیا میں معیشت کی جنگ شروع ہوچکی ہے ،چین دنیا کی ایک متبادل اقتصادی قوت بننے جارہا ہے ،پاکستان پردباؤبڑھ گیا ہے ،آج کا حکمران چین کی اقتصادی قوت کوتوڑنے کا ایجنڈا لیکرآیا ہے ،عمران خان کودھاندلیوں کے ذریعے لانے کا کیا یہ مقصد ہے ،ہم اداروں کے دشمن نہیں،مستحکم اورطاقت وردیکھنا چاہتے ہیں،وہ بھی پاکستانی ہیں غلطیاں تونہ کریں،آئین نے ہرادارے کا دائرہ کارمتعین کیا ہے ،ہرایک کواپنے دائرے میں رہ کرذمہ داری ادا کرنا ہوگی،پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ اوربااختیارادارہ ہے ،آج ملکی معیشت کوتباہ کردیا گیا ہے ،پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم صرف اقتدارحاصل کرنے کیلئے نہیں بنایا گیا، ملک بچانے کیلئے بنایا ہے ، چین نے پاکستان میں70ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کی،اس نے چین کوبھی ناراض کردیا ہے ، ایران اس وقت بھارت کے ترازومیں بیٹھا ہوا ہے ، بھارت نے کشمیرچھین لیا اورتم کشمیرفروش ہو،تم اپنی قوم سے غداری کررہے ہوکس بنیاد پرتمہیں قوم کا نمائندہ کہا جائے ،تم کب تک چور،چورکہتے رہوگے ،تم نے مجھ پربھی الزامات لگائے تھے تمہیں اندازہ ہوگیا تھا تمہارے لیے میرا ایک مکا ہی کافی ہے ،تم نے تمام سیاست دانوں کوچورکہا منہ کی کھائی،تم نے توتحفے کی گھڑیاں بھی بیچ دی ہیں ،ایسا لالچی پہلے کبھی نہیں دیکھا،پی ڈی ایم کوکہتا ہوں اب صرف جلسے نہیں مسلسل سڑکوں پرآنا ہوگا،اگرقوم مایوس ہوگئی توپھرپاکستان کا مستقبل خون خرابے کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا،قوم میدان میں آئے تنہا نہیں چھوڑیں گے ،عوام کو منظم ہوکر میدان میں نکلنا ہے اور پی ڈی ایم ان حکمرانوں کا خاتمہ کرکے دم لے گی، پنجاب بڑا صوبہ ہے ، یہ اٹھے گا تو تمام ملک کا حوصلہ بڑھے گا،اب ہم نے اپنے ملک کے مستقبل کا خود فیصلہ کرنا ہے ،پی ڈی ایم قیادت کرتے ہوئے آگے بڑھے گی،روشن،مستحکم،خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ،کامیاب اجتماع پرمبارکباد پیش کرتا ہوں، 31 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کا قافلہ پہنچے گا۔قبل ازیں احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا وقت آگیا ہے ہم پاکستان کو سنبھالیں ورنہ لوگ بھوکے مرجائیں گے ، طلال چودھری نے کہا عمران خان نے نہ تو اپنی عزت کا خیال کیا اور نہ ہی لانے والوں کی،جاوید لطیف نے کہا پاکستان میں آئین توڑنے والوں سے مفاہمت ممکن نہیں ،اویس نورانی نے کہا عوام پر پٹرول کے بم مارنے والو تیار ہوجائو اب بنی گالہ پر بھی بم چلے گا ،حکومت میں آکر موجودہ حکومت کا احتساب کریں گے ،جلسہ میں شا ہد خاقان عباسی ، سینیٹر سا جد میر،محمود خان اچکزئی و دیگر نے بھی شرکت کی، پی ڈی ایم جلسہ میں ن لیگ نے میلہ لوٹ لیا ، مذہبی جماعتیں قابل ذکر پاورشو نہ کرسکیں ، سب سے بڑی ریلی مریم نواز اور چو دھری شیر علی کے ساتھ آئی ،رانا ثنا اللہ کے ساتھ بھی ہزاروں لیگی ورکرز جلسہ گاہ پہنچے ۔جلسے کی میزبانی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے کی، جلسہ گاہ میں ورکرز کا لہو گرمانے کیلئے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے ترانے بجائے جاتے رہے لیکن ن لیگ کا ترانہ نہ آنے پر سٹی صدر شیخ اعجاز انتظامیہ کو بار بار ن لیگ کا ترانہ چلانے کی درخواست کرتے رہے جس کے بعد ووٹ کو عزت دو اور دیگر لیگی پارٹی ترانے بھی چلائے گئے ،ن لیگ کے مقامی رہنماؤں کو سٹیج پر جگہ نہ ملی ، لیگی ایم پی ایز اور ایم این ایز سٹیج پر ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے ،لیگی ایم پی اے چو دھری شفیق گجر ، رانا شعیب ادریس ، فقیر حسین ڈوگر اور دیگر چھوٹے سٹیج پر چلے گئے جبکہ کئی نے سارا جلسہ کھڑے ہوکر دیکھا ،رانا ثنااللہ کو بھی مرکزی کرسیوں کی بجائے اضافی کرسی پر بٹھایا گیا،بدنظمی کے دوران لاٹھی چارج بھی کیا گیا، ایم پی اے ظفر اقبال ناگرہ کو بھی سٹیج سے اتار دیا گیا، جلسہ گاہ میں داخلے پر روکنے پر لیگی کارکنوں اور جلسہ کے میزبان کاشف رندھاوا میں جھگڑا ہوگیا اور ایک دوسرے کے ساتھ گالم گلوچ ہوا ، سکیورٹی اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کروایا ،جلسے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا، فیصل آباد کینال روڈ پر مریم نواز کی ریلی کے باعث شہری ٹریفک جام میں پھنس کر گھنٹوں خوار ہوتے رہے ، ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں