باجوڑ میں بم دھماکا ، ہنگو اور کیچ میں چیک پوسٹوں پر حملے ، 6 شہید : بھرپور جوابی کارروائی

باجوڑ میں بم دھماکا ،  ہنگو اور کیچ میں چیک پوسٹوں پر حملے ، 6 شہید : بھرپور جوابی کارروائی

ہنگو اورکیچ میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی وقاص اور قیصر شہید ہوئے :آئی ایس پی آر ، باجوڑ میں پولیس ،ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرل ڈیوائس سے دھماکا،پولیس،ایف سی کے 2،2اہلکار شہید

لاہور، راولپنڈی (نیوز ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)باجوڑ میں بم دھماکا، ہنگو اور کیچ میں چیک پوسٹوں پر حملے میں 6سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں دہشتگردوں نے رات گئے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے جواب دیا گیا ، فائرنگ کے تبادلے کے دوران مانسہرہ کے رہائشی 26سالہ سپاہی وقاص نے جام شہادت نوش کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا جبکہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں بھی فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہو گیا، شہید ہونے والے سپاہی کا نام محمد قیصر ہے ۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے تیر بانڈہ گئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گشتی گاڑی پربم دھماکے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے ،دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صمدخان کے مطابق باجوڑ کی تحصیل وڑماموند کے علاقے تیر بانڈہ گئی میں دھماکا ہوا، شہید ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں جن کی شناخت پولیس ڈرائیور صمد خان ، پولیس کانسٹیبل نور رحمان ، ایف سی کے اہلکار جمشید اور مدثر کے ناموں سے ہوئی ہے ،پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا،یادرہے کہ اس سے قبل سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک اور بم دھماکا سویلین گاڑی پر ہوا تھا جس میں دوافراد زخمی ہوگئے تھے ، ان میں گل محمد اور محمد نورڈرائیور شامل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں