ن لیگ لاہور کے نئے پارٹی صدر کا فیصلہ ضمنی الیکشن تک موخر

 ن لیگ لاہور کے نئے پارٹی صدر کا فیصلہ ضمنی الیکشن تک موخر

سیف کھوکھر، ملک ریاض ، رانامشہود ، مجتبیٰ شجاع ا لرحمن میاں مرغوب امیدوار

اسلام آباد (طارق عزیز) مسلم لیگ (ن) نے پرویز ملک کی وفات کے بعد لاہور کے نئے پارٹی صدر کا فیصلہ ضمنی الیکشن تک موخرکردیا تاکہ گروپ بندی سے بچتے ہوئے متحد ہوکر الیکشن لڑا جاسکے ، تاہم صدارت کے خواہشمند امیدواروں نے لابنگ شروع کردی ، نمایاں امیدواروں میں سیف کھوکھر، ملک ریاض ایم این اے ، رانامشہود خان ، میاں مجتبیٰ شجاع الر حمن ، میاں مرغوب شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق لاہور کی صدارت کیلئے یہ روایت رہی ہے کہ صدر اور سیکرٹری آرائیں اور کشمیری برادری سے بنائے جاتے ہیں کیونکہ لاہور میں یہ دو بڑی برادریاں با اثر اور ووٹ رکھنے والی سمجھی جاتی ہیں عرصہ سے اس طرح کاسیٹ اپ چلا آرہاہے ،صدر اور جنرل سیکرٹری میں سے ایک آرائیں اور دوسرا کشمیری ہوتا ہے ۔ مرحوم پرویز ملک کاتعلق آرائیں برادری سے تھا جبکہ جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کشمیری ہیں، مسلم لیگ (ن) میں آرائیں امیدواروں میں مجتبیٰ شجاع الر حمن ، میاں مرغوب ہیں تاہم وہ صدارت کی دوڑ میں پیچھے ہیں، سیف اللہ کھوکھر مریم نواز، رانا مشہور ، شہبازشریف اور ملک ریاض کیپٹن صفدر کے سفارشی امیدوار ہیں۔ ایک موقع پر سیف کھوکھر کا اعلان بھی کردیاگیا تھا تاہم بعدازاں روک دیاگیا۔ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کو پروموٹ کرکے لاہور شہر کا صدر بنا دیا جائے اورآرائیں جنرل سیکرٹری بنایا جائے ،رپورٹ کے مطابق پارٹی اب آرائیں اور کشمیری برادریوں سے باہر آگئی ہے ، سیف کھوکھر، ملک ریاض ککے زئی پٹھان اور رانا مشہود راجپوت ہیں، شائستہ پرویز ملک کو ضمنی الیکشن کا ٹکٹ ملنے کے بعد نئے صدر کا معاملہ موخر ہوگیا ہے ، ضمنی الیکشن کے بعد نوازشریف لاہور شہر کے نئے صدرکا اعلان کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں