پنجاب یونیورسٹی : ماسٹرز ڈگری کا سفر100سال بعدختم
متبادل ڈگری پروگرام کیا ہوگا،کمیٹی بنادی، رجسٹرار ، الحاق شدہ کالجز کو مراسلہ
لاہور(عاطف پرویز سے )جامعہ پنجاب سے اب کوئی کسی مضمون میں ماسٹر ڈگری نہیں کر سکے گا۔پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری کرنے کا سفر 100 سال بعد ختم کر دیا گیا۔ متبادل ڈگری پروگرام نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں پرائیویٹ طلبہ اعلیٰ تعلیم سے محروم ہوجائیں گے ۔ ہا ئیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے خصوصی ہدایت پر پنجاب یونیورسٹی نے فیصلہ کرلیا ہے ۔ پنجاب یونیورسٹی کی ڈینز کمیٹی کا اجلاس 25 اکتوبر کو ہوا جس میں ایم اے ایم ایس ای ڈگری پروگرام بند کرنے کی منظوری دی گئی ۔ پنجاب یونیورسٹی نوٹیفکیشن کے مطابق سال دوہزار 21اور 22 سے مذکورہ ڈگری پروگرام کے لیے داخلے نہیں کیے جائیں گے ۔ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ تمام کالجز کو مطلع کردیا گیاہے ۔ جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایم اے ایم ایس ای ڈگری کا نومن کلچر بدل دیا جائے گا اور طلبہ کو نئے سال کے لیے پانچویں سمسٹر میں داخلے دیئے جائیں گے جبکہ پنجاب یونیورسٹی پرائیویٹ طلبہ کے ایم اے ایم ایس سی کے لیے رجسٹریشن کرے گی اور نہ ہی داخلے کیے جائیں گے ۔اب پنجاب یونیورسٹی میں کسی بھی مضمون میں ماسٹر ڈگری نہیں کرائی جائے گی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بی اے ، بی ایس ای اور ایم اے ، ایم ایس سی کی جگہ آنرز پروگرام کو نافذ کردیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی خالد خان کا کہنا ہے کہ ماسٹر ڈگری کی جگہ متبادل پروگرام کیا ہو گا؟ اس کیلئے کمیٹی بنا دی ہے ۔کمیٹی کی تجویز پر ماسٹر ڈگری کا متبادل پروگرام شروع کریں گے ۔